قابض فوج کے تلاشی آپریشنز جاری ، متعدد افراد گرفتار
سرینگر (کے پی آئی ) مقبوضہ کشمیر کے محتلف علاقوں میں قابض بھارتی فوج کے تلاشی آپریشنز جاری ہیں ، جبکہ بھارت کی بدنام زمانہ تحقیقاتی ایجنسی کی جانب سے چھاپوں کا سلسلہ بھی جاری ہے ،اس دوران درجن کے قریب افراد گرفتار کئے گئے ،بڈگام میں پولیس نے عسکریت پسندوں کے4 اعانت کاروں کی گرفتاری عمل میں لاتے ہوئے ان کے قبضے سے قابل اعتراض مواد اور چار گاڑیاں برآمد کرنے کا دعوی کیا جبکہ مقبوضہ کشمیرمیں تدریسی عملے کی یکطرفہ منتقلی کے خلاف اساتذہ نے احتجاج کیا ہے ،کشمیر میں ’’ ریزرو کیٹ ٹیگری ‘‘ ملازمین کا جاری احتجاج آج 25ویں روز میں داخل ہوگیا۔ جموں شہر کے امبیڈکر چوک پر احتجاج کی قیادت ریزروڈ کیٹیگری ایمپلائز ایسوسی ایشن کشمیر کر رہی ہے۔ملازمین اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کر رہے ہیں جن میں ان کی وادی کشمیر سے جموں منتقلی شامل ہے۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنا ضدی رویہ ترک اور اپنی کشمیر پالیسی پر نظرثانی کرے کیونکہ طاقت کے ذریعے امن قائم نہیں ہو سکتا۔