• news

بہاولپور میں سپیڈو بس سروس بحال ، جنوبی پنجاب کیلئے ہر وعدہ پورا کرینگے : حمزہ شہباز 

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے جنوبی پنجاب کے عوام سے کیا ایک اور وعدہ ایفا کردیا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہبازکی خصوصی ہدایت پر مزید 8 سپیڈو بسیں بہاولپور پہنچ گئیں۔ سابق دور میں بہاولپور سپیڈو بس کی سروس بند کر دی گئی تھی۔ وزیر اعلی حمزہ شہباز نے گزشتہ ماہ دورہ بہاولپور میں عوامی جلسے میں خطاب کے دوران  سپیڈو بس سروس بحال کرنے کا اعلان کیا تھا اور پہلے مرحلے میں 12 سپیڈو بسوں سے سروس کا آغاز کیا گیا۔ وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف کی ہدایت پر دوسرے مرحلے میں مزید 8 بسوں کا آغاز کر دیا گیا ہے اور مجموعی طور پر 20 سپیڈو بسیں عوام کو جدید معیار کی سفری سہولتیں فراہم کر رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز  کا کہنا ہے کہ سپیڈو بس سروس سے روزانہ 20 ہزار افراد باوقار سفری سہولت سے مستفید ہوں گے۔ جنوبی پنجاب کے عوام سے کیا ہر وعدہ پورا کریں گے۔ وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ منشیات فرشوں کیخلاف فیصلہ کن کارروائیوں کا وقت آ گیا ہے۔ بین الصوبائی کوآرڈینیشن مزید مربوط بنانے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف سے وفاقی وزیر اینٹی نارکوٹکس شاہ زین بگٹی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں انسداد منشیات اور سمگلرز کی سرکوبی کے لئے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔ شاہ زین بگٹی نے وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز شریف کے عوامی ریلیف کے اقدامات کی تعریف کی۔ نوجوانوں کو منشیات کی لعنت سے بچانے کے لیے ٹھوس لائحہ عمل اپنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کی رگوں میں منشیات کا زہر گھولنے والوں کیخلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ منشیات سمگلرز کی سرکوبی کے لئے تمام صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت منشیات فروشی کے خلاف مربوط کارروائیاں کر رہی ہے۔ منشیات کے خلاف ہمیں آگاہی مہم کا دائرہ کار بڑھانا ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن