الیکشن کمشن جانبدار ، عوام لوٹوں کو ہرانے کیلئے تیار : عمران
لاہور (نیوز رپورٹر) سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عام لوگوں کو لوٹوں کو اپنے حلقوں میں شکست دینا ہوگی، تاکہ وہ دوبارہ ایوان میں نہ آئیں۔لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ لوٹے آپ سے ووٹ لے کر اس کا سودا کرتے ہیں۔ ان کو آپ نے ہرگز ووٹ نہیں دینا، گھر گھر ایک ہی پیغام پہچانا ہے، لوٹوں کو ہم نے ہرانا ہے، امپائر ساتھ ہونے کے باوجود چوروں کو شکست دینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے مارچ کے دوران ہمارے کارکنوں پر تشدد کیا گیا، لوٹے ضمیر بیچ کر حلقے کے عوام کی توہین کرتے ہیں، نواز اعوان آپ نے بہادری سے ان مجرموں کا مقابلہ کرنا ہے، میں آپ کے ساتھ کھڑا ہوں، پاکستان کے بہتر مستقبل کیلئے ان ڈاکوؤں کو شکست دینا بہت ضروری ہے۔ عمران خان نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نامنظور ہے، ہم کسی کے سامنے نہیں جھکے نہ جھکیں گے، آپ سب نے گھر گھر جانا ہے اور لوٹوں کو شکست دینے کے لیے ووٹ لینا ہے، پولیس سے لوگوں کو ڈرایا جا رہا ہے، غنڈہ گردی کی جا رہی ہے، الیکشن کمشن جانبدار ہے، کسی کو اس پر اعتماد نہیں، موجودہ حکومت ناجائز اور امپورٹڈ ہے، لوٹے کسی صورت اپنے حلقوں میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا پی پی 168 کے عوام لوٹے کو ہرانے کیلئے تیار ہے، انہوں نے کہا کہ ملزم حمزہ اور اس کے والد چیری بلاسم شہباز شریف کو شکست دینی ہے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ ہم نے بیرونی سازش سے مسلط ہونے والوں کو ناکام بنانا ہے، حکمران بیرونی سازش کے ذریعے ہم پر مسلط ہوئے۔ ہم نے انہیں شکست دینی ہے۔ عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ہم امریکا کے سامنے اور نہ ہی ان چوروں کے سامنے جھکیں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آج عوام اس حکومت کیخلاف ہے، یہ صرف امپائر کو ساتھ ملاکر الیکشن جیت سکتے ہیں، امپائر ان کیساتھ ہیں، اس کے باوجود ہمیں ان کو شکست دینی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ اگر پولیس نے غلط کام کیا تو ساری زندگی لوگ آئی جی پنجاب پر انگلیاں اٹھائیں گے، پولیس نے کوئی غلط کام کیا تو پولیس کی ساکھ خراب ہو گی۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ الیکشن کمیشن پر کسی کو اعتبار نہیں رہا، الیکشن فیصلہ کرے گا کہ قوم الیکشن کمیشن پر اعتبار کر سکتی ہے یا نہیں، امپائر ان کے ساتھ ہیں، ہمیں پتا ہے ان کے ساتھ کون کون ہے، پیسا بھی چل رہا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ 2ماہ میں اس حکومت نے اتنی مہنگائی کردی جتنی 3 سال میں نہیں ہوئی، حکومت نے تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس بڑھا دیا ہے، ہمیں پتا ہے جو آئی ایم ایف کہے گا یہ حکومت کرے گی۔دریں اثناء عمران خان نے پی پی 170 میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے کانپیں ٹانگنے والے نے مہنگائی مارچ کیا تھا۔ اﷲ کا شکر ہے عوام میں شعور آ گیا۔ پاکستان میں مزید مہنگائی آنے والی ہے۔ پاکستان بدل رہا ہے۔ کہا تھا نیا پاکستان بنائیں گے۔ انہوں نے دو ماہ میں وہ مہنگائی کی جو ہم نے 3 سال میں نہیں کی تھی۔ انہوں نے اپنے تمام کیسز ختم کرا لئے ہیں۔ انہوں نے کہا میں نے ان چوروں سے 1100 ارب روپے واپس لینے ہیں۔