فیصل آباد: 6 ماہ دوران 39 خواتین اور بچوں کو قتل کیا گیا
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) فیصل آباد میں 6 ماہ کے دوران انتالیس خواتین اور دو کمسن بچیوں کو قتل کر دیا گیا، گیارہ خواتین غیرت کی بھینٹ چڑھ گئیں، آٹھ خواتین کو قتل کرنے کی کوشش اور سولہ کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق دو خواتین پر تیزاب اور ایک خاتون کو تیل چھڑک کر آگ لگائی گئی، 291خواتین کی حرمت پامال جبکہ 146 خواتین سے زیادتی کی کوشش کی گئی اور متاثرہ خواتین دھمکیوں کا نشانہ بنیں، 145 خواتین سے زیادتی،379 غیر شادی شدہ اور 165شادی شدہ خواتین اغوا ہوئیں۔ اس حوالے سے ایس ایس پی انوسٹی گیشن محمد اجمل کا کہنا ہے کہ خواتین کے ساتھ جرائم پر پولیس فوری کارروائی کر رہی ہے، ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے سول سوسائٹی کو بھی کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ صوبائی وزیر داخلہ عطاء اللہ تارڑ نے بھی خواتین کے ساتھ جرائم کی روک تھام کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔