• news

قومی کرکٹرز کا تربیتی کیمپ راولپنڈی میں شروع، کوشش ہے ہر فارمیٹ کھیلوں : یاسر شاہ 

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ سری لنکا کیلئے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ راولپنڈی میںشروع ہوگیا ہے۔گزشتہ روز کھلاڑیوں نے 42  سینٹی گریڈ کی سخت گرمی میں صبح دس بجے سے سہ پہر دو بجے کوچز کی زیر نگرانی کھیل کے تینوں شعبوں میں عمدہ پرفارمنس لانے کیلئے بھرپور پریکٹس کی۔پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں تربیتی کیمپ میں رپورٹ کر نے والے کھلاڑیوں میں کپتان بابر اعظم، امام الحق،عبداللہ شفیق، فہیم اشرف، محمد نواز، سلمان علی آغا،سعود شکیل،سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، نسیم شاہ،حارث رؤف، یاسر شاہ اور نعمان علی شامل ہیں ۔بیرون ملک مقیم مڈل آرڈر بیٹر فواد عالم آج جوائن کریں گے، کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے میں مصروف نائب کپتان محمد رضوان، اظہر علی اور شان مسعود تربیتی کیمپ میں شرکت نہیں کر رہے، یہ تمام کھلاڑی سری لنکا روانگی سے قبل قومی سکواڈ کو لاہور میں جوائن کریں گے۔شیڈول کے مطابق پہلا 2 روزہ وارم اپ میچ آج صبح 9بجے شروع ہوگا،دوسرے روز بھی کھلاڑی شام 6بجے تک میچ پریکٹس کے موقع کا فائدہ اٹھائیں گے،29 جون آرام کا دن ہے، اگلے روز دوسرے وارم اپ میچ کے پہلے روز کا کھیل 9بجے شروع ہوگا،یکم جولائی کو میچ کا دوسرا روز ہوگا۔واضح رہے کہ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں سیشن کے پہلے روز محض تین گھنٹے تک ٹریننگ کی گئی۔ لیگ سپنر یاسر شاہ نے کہا کہ وہ قومی سکواڈ میں واپسی پر خوش ہیں۔ پہلا پریکٹس سیشن ختم ہونے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں قومی ٹیسٹ سکواڈ میں واپسی پر خوش ہوں، نیشنل ہائی پرفارمنس میں گزشتہ عرصے میں بہت محنت کی ہے۔ انھوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں وائٹ بال میں بھی پرفارمنس دی، اور وہ ہر فارمیٹ میں کھیلنے کیلئے کوشش کر رہے ہیں۔ کم بیک کے بعد میری بابر اعظم سے بات چیت ہوتی رہتی ہے، جس سے مجھے اعتماد ملا، کپتان نے کہا ہے کہ میں ایک لائن اور لینتھ پر گیند کرتا رہوں۔ سری لنکا میں بھی ان کی پرفارمنس اچھی رہی ہے، اگرچہ انجری سے واپسی کرنے پر وقت لگتا ہے، تاہم پرفارمنس دینے کیلئے وہ پْر امید ہیں۔ انھوں نے مشتاق احمد اور ثقلین مشتاق کے ساتھ اپنی گگلی پر کام کیا ہے۔ انجری سے واپسی پر مشکل ہوتی ہے تاہم کوشش ہوگی کہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں اپنی کارکردگی سے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کروں۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں وائٹ بال سمیت ہر فارمیٹ میں کھیلنے کیلئے کوشش کر رہا ہوں۔ میچ میں کھیلنے کا فیصلہ وکٹ دیکھ کر ہوگا تاہم چاہتا ہوں پاکستان کیلئے ایک اننگز میں سب سے زیادہ کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کا ریکارڈ بناؤں۔ایک سال بعد قومی سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے، نیٹ میں مسلسل بائولنگ کررہا ہوں۔ٹریننگ سیشن کے تحت 27 اور 28 جون کو صبح 9 سے شام 6 بجے تک پہلا دو روزہ وارم اپ میچ ہوگا، جس کے بعد اوپنر عبداللہ شفیق میڈیا ٹاک کریں گے۔ 30 جون اور یکم جولائی کو صبح 9 بجے سے دوسرا دو روزہ وارم اپ میچ ہوگا، جس کے بعد ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق میڈیا ٹاک کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن