اسحاق ڈار کی جولائی میں واپسی ، وزارت خزانہ کا قلمدان سنبھا لیں گے
لندن +اسلام آباد(نمائندہ خصوصی+خبر نگار) سابق وزیرخزانہ اور رہنما مسلم لیگ (ن) اسحاق ڈار کی وطن واپسی کا فیصلہ ہو گیا ہے۔ وہ اگلے ماہ جولائی میں کسی بھی وقت پاکستان واپس آسکتے ہیں۔ ذرائع (ن) لیگ کا کہنا ہے اسحاق ڈار کا جولائی کے دوسرے ہفتے میں پاکستان آنے کا امکان ہے۔ اسحاق ڈار وطن واپسی پر پہلے بطور سینیٹر اپنا حلف لیں گے جس کے بعد وزیرخزانہ کا قلمدان سنبھالیں گے۔ واضح رہے کہ اسحاق ڈار کو پاکستان سے لندن آئے تقریباً 4 برس کا عرصہ ہو چکا ہے۔ ان پر لندن آنے سے قبل مختلف کیسز بنائے گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار کی وطن واپسی کا فیصلہ (ن) لیگ کے قائد نوازشریف نے کیا۔ نوازشریف کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں اسحاق ڈار ہی معیشت کو سنبھال سکتے ہیں۔ نوازشریف کا مؤقف ہے کہ پہلے بھی اسحاق ڈار نے مشکل حالات میں معیشت بہتر بنانے میں کردار ادا کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار کے وکلاء جلد انکی حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کرینگے ۔