• news

 اسلم بھوتانی ، خالد مگسی کا فنڈز نہ ملنے پر غصہ، احسن اقبال پر خوب بھڑاس نکالی


قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکومت کی اتحادی جماعتوں نے شکایات کے ڈھیر لگا دیئے ،حکومت کی طرف سے دفاعی پوزیشن اختیار کی گئی اور اپوزیشن کی شکایات پر واضح جواب نہ دیا گیااتحادی ارکان اسلم بھوتانی اور خالد مگسی اپنے حلقوں کے یے فنڈز نہ ملنے پر غصے میں تھے اور انہوں نے وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال پر دل کی خوب بھڑاس نکالی تاہم بعد ازاں وزیر دفاع اپوزین ارکان کی نشستوں پر چلے گئے اور ان ارکان کو ’’رام‘‘کر لیا، اجلاس میں جماعت اسلامی کے رہنما و رکن اسمبلی مولاناعبدلاکبرچترالی نے سابق سپیکر ایاز صادق کو چیلنج کر دیا ہے کہ میرے خلاف ریفرنس لا سکتے ہو تو لائیں میں اس کا مقابلہ کروں گا کس باغ کی مولی ہو، عبدالاکبر چترالی بکنے والا مال نہیں ،مجھے تقریبا تقریبا دھمکی دی گئی کہ آپ کے خلاف ریفرنس لایا جائے گا میں کہتا ہوں ابھی میرے خلاف ریفرنس لائیں، اجلاس میں غلام خان شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے مقابلہ شہید ہونے والے دو فوجی جوانوں کے لیے قومی اسمبلی میں فاتحہ خوانی کی گئی دعا جماعت اسلامی کے رکن مولانا عبدالاکبر چترالی نے کروائی، بی اے پی کے رہنما خالد مگسی نے خوب
 تنقید کی اور بولے! مناسب نہیں لگتا اب مجبورا گلہ دینا پڑ رہا ہے تبدیلی کا مقصد ’’کچھ اور‘‘ تھا اور اب ’’کچھ اور‘‘ نظر آرہا ہے ہم سمجھے کہ رویوں میں تبدیلی ہوگی مگر پہلے بہت چکر لگتے تھے،’اب تو وہ مثال ہے کہ ’جتھوں دی کھوتی اوتھے آنڑ کھلوتی‘‘ ۔(باقی صفحہ 5 پر)
ایم کیو ایم کے رکن اسامہ قادری نے جب سندھ کے بلدیاتی انتخابات پر تنقید کی تو انہوں نے پیپلز پارٹی کا ذکر کر تے ہوئے شعر پڑھا’’دیکھا جو تیر کھا کے کمین گاہ کی طرف، اپنے ہی دوستوں سے ملاقات ہو گئی‘‘۔جی ڈی اے کی رکن ڈاکٹر فہمیدہ مررزا نے جب اپنی گفتگو کے دوران سند ھ کے بلدیاتی انتخابات کا ’’پرشکوہ‘‘ذکر چھیڑا تو سپیکر نے یہ کہتے ہوئے ان کا مائیک بند کر دیا کہ یہاں چارجڈ اخراجات پر بات ہو رہی ہے اگر یہاں ارکان دنیا جہان کی باتیں کریں گے تو ایجنڈا کس طرح مکمل ہو گا،سپیکر نے مائیک وزیر مملکت ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا کو دے دیا لیکن فہمیدہ مرزا اپنی نشست پرکھڑے بات کرتی رہیں اور بعد ازاں ایوان سے واک آئوٹ کر گئیں،محسن داوڑ نے پروڈکشن آرڈر جاری ہو نے کے باوجود علی وزیر کو پیش نہ کر نے کا شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ اب کہا جا رہا ہے کہ علی وزیر کی صحت اس قابل نہیں کہ وہ سفر کر سکیں’’ علی وزیر نے گدھا گاڑی پر بیٹھ کر کراچی سے اسلام آبادتھوڑی آنا ہے‘‘۔اجلاس کے دوران ارکان لیگی رکن قومی اسمبلی مہناز اکبر عزیر سے ان کی نشست پر آکر ان کے شوہر دانیال عزیز کی صحت کے بارے میں دریافت کرتے رہے۔

چوہدری شاہد اجمل

چوہدری شاہد اجمل

ای پیپر-دی نیشن