مسائل کی وجہ دین سے دوری ہے: ہاشم علی شاہ زنجانی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سجادہ نشین حضرت میراں حسین شاہ زنجانی و حضرت یعقوب حسین شاہ زنجانی المعروف شاہ صدر دیوان پیر سید ہاشم علی شاہ زنجانی نے کہا ہے کہ مسائل کی وجہ دین سے دوری ہے۔ ملک میں نظام مصطفیؐ کا نفاذ نہ ہونا بدقسمتی ہے۔ پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر قائم ہوا۔ برصغیر کے مسلمانوں نے اسلامی ملک کے قیام کی خاطر جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ سودی نظام سے چھٹکارا حاصل نہ کرنے کی وجہ سے ہم برکتوں سے محروم اور مغرب کے غلام بن کر رہ گئے ہیں۔ پاکستان کے تمام مسائل اللہ اور رسولؐ کے بتائے نظام سے ہی حل ہونگے۔ قائداعظم کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے تحریک پاکستان میں ایک ہی جذبے کے تحت کام کیا۔
اکابرین پاکستان کے بعد ہم مخلص قیادت سے محروم ہو گئے۔ علماء و مشائخ نے ہمیشہ ملکی مفاد میں آواز بلند کی۔ آج بھی محراب و منبر سے خلوص کے ساتھ دین کی خدمت کا سلسلہ جاری ہے۔