حکومت جلد بحرانوں پر قابو پالے گی: شہزاد احمد ڈوگر
شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ (ن) کے سٹی صدر ملک شہزاد احمد ڈوگر اور سٹی جنرل سیکرٹری میاں رفاقت علی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں معیشت کا پہیہ جام کیا گیا، کرنٹ اکائونٹ خسارہ 15 ارب روپے تک پہنچ گیا، زرمبادلہ کے ذخائر کم ہوئے،آئی ایم ایف کے ساتھ کڑی شرائط پر معاہدے کئے جس کے نتائج ملک و قوم کو مہنگائی میں اضافے کی شکل میں بھگتنے پڑے ہیں موجودہ حکومت جلد تمام بحرانوں پر قابو پالے گی اور آئی ایم ایف کے قرضوں کے بوجھ سے نجات حاصل کرلی جائے گی، صحافیوں سے گفتگو کرتے ان رہنمائوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے موثر معاشی اقدامات کے باعث ڈالر کی قیمت کم ہو رہی ہے، روزگار کے نئے مواقع بڑھ رہے ہیں اور مہنگائی میں بھی جلد واضح کمی نظر آئے گی جس کی خاطر مربوط لائحہ عمل مرتب کیا گیا ہے سابق حکمرانوں کی غلطیوں کا مزید خمیازہ عوام کو بھگتنا نہیں پڑے گا۔