انٹر بنک میں ڈالر1.7 روپے سستا: ایل پی جی مزید 10روپے کلومہنگی
لاہور+ اسلام آباد+ کراچی (نیٹ نیوز+ نیوزرپورٹر+ نامہ نگار) سٹیٹ بنک کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں انٹر بنک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں ایک روپیہ 7 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی، انٹر بنک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 207 روپے 94 پیسے سے کم ہو کر 206 روپے 87 پیسے ہو گئی ہے جبکہ ملک میںایک تولہ سونے کی قیمت میں 350 روپے کی کمی ہوئی ہے۔ ادھر ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے سپر ٹیکس کی آڑ میں 24 گھنٹوں کے دوران فی کلو ایل پی جی کی قیمت مزید 10 روپے بڑھا دی، جس سے قیمت بڑھ کر 220 روپے فی کلو ہوگئی، گھریلو سلنڈر 2581جبکہ کمرشل سلنڈر 9988روپے کا ہوگیا جبکہ گلگت بلتستان میں فی کلو ایل پی جی کی قیمت 270 روپے تک پہنچ گئی۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے سپر ٹیکس کی آڑ میں مزید قیمتیں بڑھانے کے لیے گھٹ جوڑ کر لیا ہے اور ایل پی جی کی ذخیرہ اندوزی شروع کر دی ہے۔ عرفان کھوکھر نے بتایا کہ یکم جولائی 2022 سے انٹرنیشنل مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت میں کمی ہو رہی ہے لیکن مقامی سطح پر قیمتیں بڑھائی جا رہی ہیں۔چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ ایل پی جی کی قیمت میں مزید 10روپے فی کلو اضافہ بلاجواز ہے۔ انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ اوگرا کی مقرر کردہ قیمت سے زیادہ قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف سخت اقدام کیا جائے، وزیراعظم اور چیئرمین اوگرا مافیا کے خلاف فوری نوٹس لیں۔عرفان کھوکھر کے مطابق فی کلو ایل پی جی کی قیمت بڑھ کر220 روپے فی کلو ہوگئی، گھریلوں سیلنڈر کی قیمت 106روپے فی کلو کے اضافے سے 2581روپے اور کمرشل سیلنڈر کی قیمت 408روپے فی کلو کے اضافے سے 9988روپے ہوگئی جبکہ گلگت بلتستان میں فی کلو ایل پی جی کی قیمت 270 روپے تک پہنچ گئی۔ ادھر ملک میںایک تولہ سونے کی قیمت میں 350 روپے کی کمی ہوئی ہے۔سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 350 روپے کمی کے بعد ملک میں فی تولہ سونے کا بھاؤ ایک لاکھ 41 ہزار 500 روپے ہوگیا ہے۔ اس کے علاوہ 10 گرام سونے کا بھاؤ 301 روپے کمی کے بعد ایک لاکھ 21 ہزار 313 روپے ہے۔