• news

پنجاب میں الیکشن  سھاندلی کی تیاری ہو رہی ، حکومت نہیں رہے گی: عمران 


اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے‘ نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں حکومتی اتحادیوں کی قومی اسمبلی میں تقاریر کے متن کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر عمران خان نے پارٹی ذمہ داران کو مہنگائی کے معاملے پر عوام کی بھرپور ترجمانی کی خصوصی ہدایت کی۔ سربراہ تحریک انصاف نے کہا کہ چوروں نے خود کو ریلیف دینے کے لیے عوام کو بدترین مہنگائی کی اذیت ناک تکلیف میں مبتلا کر رکھا ہے۔ نکمے، نااہل، بددیانت اور بد نام گروہ نے اپنی چوری بچانے کے لئے بغیر تیاری اقتدار پر قبضے کی سازش کی۔ 2018ء  میں تحریک انصاف کو اقتدار ملا تو معیشت دیوالیہ پن کے کنارے کھڑی تھی۔ آئی ایم ایف کی کڑی شرائط، کمزور معیشت اور کرونا وباء کے باوجود تحریک انصاف کی حکومت نے عالمی مہنگائی کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں کیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ امپورٹڈ کٹھ پتلیوں نے 9 ہفتوں میں مہنگائی کی صورت میں عوام سے اپنی غلامی کی قیمت وصول کی۔ ان "تجربہ کار" چوروں کے زیر سایہ حال کی طرح معیشت کا مستقبل بھی تاریک ہے۔ متنبہ کیا تھا کہ نہایت محنت سے کھڑی کی گئی معیشت سیاسی عدمِ استحکام کا بوجھ برداشت نہیں کر پائے گی۔ عمران خان نے کہا کہ 2 جولائی کو اسلام آباد میں عوام کے ساتھ مل کر ملک اور عوام کے خلاف شرمناک سازش پر تاریخی احتجاج کریں گے۔ پاکستان کو مزید دلدل میں گرنے سے بچانے کے لئے واحد راستہ صاف شفاف انتخابات ہیں۔ اجلاس میں 2 جولائی کو وفاقی دارالحکومت میں مہنگائی کے خلاف جلسے کے انعقاد سے متعلق امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ عمران خان نے کہا کہ نکمے، نااہل، بددیانت اور بد نام گروہ نے اپنی چوری بچانے کے لیے بغیر تیاری اقتدار پر قبضے کی سازش کی۔ دریں اثناء نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس اور بیورو کریسی نے شریف مافیا کے کہنے پر 25 مئی کو عوام پرظلم کیا، پنجاب میں ضمنی الیکشن کیلئے دھاندلی کی تیاری ہو رہی ہے، حکمرانوں نے تو رہنا نہیں افسران کوئی غیر قانونی کام نہ کریں، لگ رہا ہے اب پنجاب میں حمزہ شہبازکی حکومت نہیں رہے گی۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت غیرملکی سازش کے تحت آئی ہے، یہ تو مہنگائی کم کرنے آئے تھے، دو ماہ ہو گئے مہنگائی مسلسل بڑھ رہی ہے، آئی ایم ایف نے بھی ہماری حکومت کی کارکردگی کو سراہا، کون سی قیامت آگئی دو ماہ میں مہنگائی آسمان پر پہنچ گئی۔ کیا ہوا دو ماہ میں اتنی لوڈشیڈنگ کیوں بڑھ گئی، کیا آپ لوگوں کی تیاری نہیں تھی، ان سے حکومت سنبھالی نہیں جارہی، یہ بیرون ملک ہاتھ پھیلا رہے ہیں کوئی ان کی مدد نہیں کر رہا، فری میں کوئی مدد نہیں کرتا، یہ سمجھتے ہیں ظلم اور تشدد کر کے لوگوں کو کنٹرول کر لیں گے ایسا نہیں ہوگا، جولائی میں لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی بڑھے گی۔ عمران خان نے کہا کہ ہفتے کی شام کو پریڈ گراؤنڈ میں تاریخی احتجاج کریں گے، عمران خان نے کہا کہ پنجاب میں حمزہ شہباز کی حکومت کی کوئی آئینی حیثیت نہیں ہے، شکر ہے عدالت نے مخصوص نشستوں کے حوالے سے فیصلہ دیا، اتنا جانبدار الیکشن کمیشن نہیں دیکھا، لگ رہا ہے اب پنجاب میں حمزہ شہبازکی حکومت نہیں رہے گی۔

ای پیپر-دی نیشن