قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے 8 پی ٹی آئی ارکان کے استعفے منظور کرنے کی تجویز دیدی
اسلام آباد(نا مہ نگار)قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے سپیکر پرویز اشرف کو تحریک انصاف کے 8 ارکان کے استعفے منظور کرنے کی تجویز دیدی، جن ارکان کے استعفے منظور کرنے کی ایڈوائس دی گئی ہے ان میں عمران خان، شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری، اسد عمر، شیریں مزاری، مراد سعید، علی محمد خان اور فرخ حبیب شامل ہیں ۔ سپیکر نے تحریک انصاف کے ارکان کے استعفوں کی تصدیق کے لیے انہیں قانون کے مطابق طلب کیا لیکن کوئی رکن پیش نہ ہوا۔ سپیکر نے ستعفوں کی تصدیق کے لئے نہ آنے پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے قانونی رائے مانگی تھی۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اس معاملے پر اپنی ایڈوائس سپیکر کو بھیج دی ہے جس میں کہا گیا ہے ایوان میں اعلان کرنے والے ارکان کے استعفے قبول کئے جائیں۔ سپیکر نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی ایڈوائس پر حکمران اتحاد سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔ صورت حال یہ ہے تحریک انصاف کے ارکان مستعفی بھی ہیں اور رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے تنخواہیں اور مراعات بھی وصول کررہے ہیں۔