ہسپتالوں کی بہتری کا پروگرام منظور ، عام آدمی کو حق ہر صورت ملنا چا ہئے: حمزہ شہباز
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ حمزہ شہباز شریف نے تمام ہسپتالوں کی او پی ڈیز اورصوبے کے 85 تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں کو بہتر بنانے کے پلان کی منظوری دے دی۔ حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ 6 سے آٹھ ماہ میں تمام ہسپتالوں کی او پی ڈیز میں صحت کی سہولتوں کو بہتر بنایا جائے اور اس پروگرام پر پیشرفت کی نگرانی وہ خود کریں گے۔ حمزہ شہباز شریف نے ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور عملے کی کمی کا نوٹس لے لیا۔ 85 تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں کو بہتر بنانے کے پروگرام کی بھی منظوری دے دی۔ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی کمی دور کرنے کے لیے محکمہ صحت کے حکام کو روڈ میپ بنانے کی ہدایت کردی ہے۔ او پی ڈیز کو کم سے کم وقت میں بہتر بنایا جائے جہاں مریضوں کو ہر ممکن سہولتیں مہیا کی جائیں۔ اجلاس میں عوام کو صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ شعبہ صحت میں جاری منصوبوں کو جتنی جلدی ممکن ہو مکمل کیا جائے۔ علاج معالجے کی بہترین سہولتیں عام آدمی کا حق ہے جو اسے ہر صورت ملنا چاہیے۔ ہسپتالوں کے دورے کئے۔ صفائی کے انتظامات غیر تسلی بخش تھے۔ صفائی کے لیے جامع پلان مرتب کر کے اس پر عمل یقینی بنایا جائے۔ حمزہ شہباز شریف نے راولپنڈی کے علاقے میں کنویں میں زہریلی گیس کے اخراج کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف سے اتحاد تنظیمات مدارس پاکستان کے وفد نے مولانا محمد حنیف جالندھری کی قیادت میں ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا علماء کرام نے آزمائش میں ہمیشہ قوم کی رہنمائی کی ہے۔ دہشت گردی اور فرقہ واریت کے خلاف علماء کرام کا کردار قابل تعریف رہا ہے۔ فکری و نظریاتی محاذ پر علماء کرام کی خدمات کی قدر کرتے ہیں۔ علماء کرام سے مشاورت کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ علماء کرام کے مسائل حل اور مزید مشاورت کے لئے مشترکہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں اے سی خراب ہونے کے واقعہ پر سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے ہدایت کی کہ اے سی سسٹم کو جلد بحال کیا جائے۔