قیام پاکستان ڈائمنڈ جو بلی پے، لوگو جاری: ملک کو نا قابل تسخیر بنا ئیں گے: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کہا ہے کہ قیام پاکستان کے 75سال مکمل ہونے پر ڈائمنڈ جوبلی کی خوشیوں اور مبارک موقع پر عزم عالی شان، شاد رہے پاکستان کے عنوان سے خصوصی لوگوجاری کردیا ہے، یہ پاکستان سے محبت اور اس عزم کی تجدید ہے کہ ہمارے بہادر اور عظیم بزرگوں اور شہداء نے جس عزم سے پاکستان بنایا تھا، اسی عزم کے ساتھ معاشی طور پر اسے مضبوط اور خودانحصار، فلاحی مملکت اور دفاعی لحاظ سے ناقابل تسخیر بنائیں گے۔ بدھ کو اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اس کا مقصد ہے کہ قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد حاصل ہوں اور عوام کی زندگیوں میں وہ آسانیاں آئیں جن کا خواب برصغیر کے مسلمانوں نے دیکھا تھا۔ معاشی خود انحصاری کے وژن سے پاکستان کے نوجوان حقیقی معنوں میں قوم کے معمار بنیں گے، قومی ترقی کے ثمرات پائیں گے۔ تعلیم، روزگار، کاروبار اور زندگی کے تمام شعبوں میں ہراول دستہ بنیں گے، ہم اپنے نوجوانوں کو فیصلہ ساز بنائیں گے۔ قیام پاکستان کی طرح ایک اسلامی فلاحی، ترقی یافتہ اور معاشی طور پر خودمختار پاکستان کا خواب بھی سچ ہو کر رہے گا۔