آئینی بحران عوام کی خدمت سے روک سکا نہ روک سکے گا : حمزہ شہباز
لاہور‘ فیروز والا (نیوز رپورٹر‘ نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے انسداد ڈینگی سے متعلق درست ڈیٹا فراہم نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے اور سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کاوئنٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حمزہ شہباز کی زیرصدارت کرونا اور ڈینگی سے بچائو کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، حمزہ شہباز نے ڈینگی کے مستند ڈیٹا کیلئے ڈیش بورڈ بنانے کی ہدایت کردی اور چیف سیکرٹری سے انسداد ڈینگی کے حوالے سے ہر ضلع کی کارکردگی رپورٹ طلب کر لی۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ انسداد ڈینگی کے لئے کئے گئے اقدامات اور فراہم کردہ ڈیٹا میں مطابقت ہونی چاہیے، اضلاع کی کارکردگی رپورٹ 3 روز میں پیش کی جائے، فیلڈ وزٹ اور روزانہ میٹنگ کر کے انسداد ڈینگی کے انتظامات کا جائزہ لیا جائے۔ علاوہ ازیں حمزہ شہباز شریف مقتول مجاہد علی کے اہل خانہ کی دادرسی کے لئے شاہدرہ پہنچے۔ مجاہد علی کے والد لیاقت علی، والدہ، بہنوں اور بھائیوں سے ملاقات کی۔ حمزہ شہباز نے مقتول مجاہد علی کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپ کے لخت جگر کو ناحق قتل کیا گیا۔ آپ کا پیارا بیٹا تو واپس نہیں لا سکتا لیکن انصاف ضرور دلاؤں گا۔ حمزہ شہباز نے متاثرہ خاندان کو 30 لاکھ روپے کی مالی معاونت کا چیک دیا۔ میڈیا سے گفتگو میں حمزہ شہباز نے کہا کہ قانون پر عملدرآمد کرا کے سنگین جرائم میں ملوث مجرموں کو معاشرے میں عبرت کا نشان بنانا ہے، ہمارا سیاسی عزم ہے کہ ہم نے لاقانونیت کا قلع قمع کرنا ہے۔ گزشتہ چار سال سے سیف سٹی کے 35 فیصد کیمرے بند پڑے رہے۔ لاہور شہر میں اس سے بڑھ کر ظلم کیا ہوسکتا ہے۔ ہم کبھی سب اچھا کا راگ نہیں الاپتے۔ بلکہ ہم پولیس کی استعداد کار بڑھانے پر توجہ دے رہے ہیں۔ ٹیکنالوجی کی مدد سے اچھی پولیسنگ کے ذریعے جرائم کو کنٹرول کریں گے۔ اب پولیس میں ذاتی پسند و ناپسند پر تعیناتی نہیں ہوتی۔ ماضی میں سفارش پر پولیس میں تعیناتیاں کی گئیں۔ ہم قصور کو سٹڈی کیس بنارہے ہیں، جب بھی واقعہ ہوتا ہے، اس پر پیش رفت کا ذاتی طور پر جائزہ لیتا ہوں۔ پروفیشنلزم کو ہم آگے لے کر آئیں گے۔ چیلنج ہیں، ہم قبول کریں گے۔ تین مہینے میں پنجاب میں آئینی بحران پیدا کیا گیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے آئین اور قانون پر عملدرآمد کیا نہ صدر نے۔ صدر عمران نیازی کے حکم پر آئین شکنی کے مرتکب ہوئے۔ 3ماہ تک آئینی بحران کو گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج ہونا چاہیے۔ آئینی بحران کے باوجود پنجاب کے عوام کو 160روپے سستا 10کلو آٹے کا تھیلا دیا۔ یہ آئینی بحران ہمیں عوام کی خدمت سے نہیں روک سکا اور نہ آئندہ روک سکے گا۔ جولائی سے پنجاب کے تمام اضلاع میں دوائیاں اور کینسر کی دوائیاں مریضوں کو مفت دیں گے۔