• news

ومبلڈن اوپن : سرینا ولیمز کیلئے آغاز ہی اختتام بن گیا


ایونٹ میں سیکنڈ سیڈڈ رافیل نڈال، سٹیفانوس اور ٹیلر فریٹز کا فاتحانہ آغاز 
لاہور(سپورٹس ڈیسک) امریکی ٹینس سٹار سرینا ولیمز کا ومبلڈن کا آغاز ہی اختتام بن گیا۔ ایونٹ کے پہلے ہی میچ میں سرینا کو فرنچ کھلاڑی ہارمونی ٹین کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ سیکنڈ سیڈڈ رافیل نڈال، سٹیفانوس اور ٹیلر فریٹز نے فاتحانہ آغاز کیا ہے۔ومبلڈن اوپن ٹینس کے مقابلے لندن میں جاری ہیں۔سرینا ولیمز کا ایک سال بعد ومبلڈن میں فاتحانہ واپسی کا خواب شرمندہ تعبیرنہ ہوسکا، 40 سالہ امریکی ٹینس سٹار کو ویمنز سنگلز مقا بلوں کے ابتدائی راؤنڈ میں فرانس کی 24 سالہ ہارمنی ٹین نے 5-7، 6-1 اور 6-7(7-10) سے ہرا کر نہ صرف میگا ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا بلکہ سرینا ولیمز کو ہرا کر میگا ایونٹ باہر کر دیا، دونوں کھلاڑیوں کے درمیان مقابلہ تین گھنٹے اور 10 منٹ تک جاری رہا۔ ہسپانوی سٹار، 22 گرینڈ سلام کے چیمپئن اور سیکنڈ سیڈڈ رافیل نڈال، یونانی ٹینس سٹار سٹیفانوس اور امریکی ٹیلر فریٹز دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے ۔ برطانوی ڈینیئل ایوانز ابتدائی رائونڈ میں اپ سیٹ شکست کے بعد میگا ایونٹ باہر ہوگئے۔رافیل نڈال نے مینز سنگلز کے پہلے راؤنڈ میں ارجنٹائن کے فرانسسکو سیرونڈولوکو 4-6، 3-6، 6-3 اور 4-6 سے شکست دے کر دوسرے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کر لیا، یونان کے سٹیفانوس نے حریف سوئس کھلاڑی الیگزینڈر رٹسچارڈ کو 6-7(1-6)،3-6، 7-5 اور 4-6 سے ہرا دیا، ایک اور میچ میں امریکی ٹیلر فریٹز نے اطالوی حریف لورینزو موسیٹی کو 4-6 ، 4-6 اور 3-6 سے ہرا دیا۔

ای پیپر-دی نیشن