گوجرانوالہـ:30 اہم سڑکوں کی بحالی کے نئے منصوبے سالانہ تر قیاتی پروگرام میں شامل
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی)حکومت پنجاب کے ترقیاتی وژن کے تحت گوجرانوالہ ڈویژن میں20 ارب 45 کروڑ کی لاگت سے 30 اہم سڑکوں کی بحالی و بہتری کے نئے منصوبے سالانہ تر قیاتی پروگرام میں شامل کر لئے گئے ہیں ۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن منصور قادر کی زیر صدارت ایک اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ گوجرانوالہ نعمان حفیظ نے ان منصوبوں کے حوالہ سے بریفنگ دیتے ہو ئے بتایا کہ نئے بجٹ میں ان منصوبوں پر کام کے آغاز کے لئے 4 ارب سے زائد کے ترقیاتی فنڈز بھی مختص کر دیئے گئے۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر (کوارڈ ) افضال احمد وڑائچ ‘ اسسٹنٹ کمشنر ( جنرل) تنویر یاسین‘ اسسٹنٹ کمشنر (ریونیو ) رانا منظور حسین ‘ اسسٹنٹ ڈائر یکٹر ڈویلپمنٹ حسن عظیم ‘ ایس این اے عدنان ساجد اوردیگر افسران نے شر کت کی کمشنر گوجرانوالہ کو بریفنگ کے دوران ڈائر یکٹر ڈویلپمنٹ نے بتایاکہ گوجرانوالہ میں 4 ارب 11 کروڑ کی لاگت سے 6 سڑکوں کی بحالی عمل میں لائی جائے گی جن میں علی پور چٹھہ تا حافظ آباد سڑک کی بحالی کے منصوبے پر 20 کروڑ ‘ گوجرانوالہ ‘ سیالکوٹ روڈ ( نندی پر سیکشن) کی بحالی پر 39 کروڑ ‘ گوجرانوالہ پسرور روڈ کی بحالی پر 73 کروڑ‘ وزیر آباد تا ڈسکہ روڈ پر 88 کروڑ ‘ موڑ ایمن آباد تا واہنڈو انٹر چینج ایم 11 سڑک کی بحالی پر 70 کروڑ اور اعوان چوک تا باغ چوک براستہ نوشہرہ ورکاں سڑک کی بحالی کے منصوبے پر ایک ارب 19 کروڑ سے زائد لاگت آئے گی ۔