پاکستان دوست ممالک کیساتھ تعلقات کو اہمیت دے رہا ہے : وزیر خزانہ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان دوست ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات میں اضافہ کو بہت اہمیت دے رہا ہے۔ انہوں نے یہ بات پاکستان میں جمہوریہ کرغزستان کے سفیر توتویوف اولن بیک آسان کولووچ سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں پاکستان اور جمہوریہ کرغزستان کے درمیان تعلقات کے مختلف پہلوئوں کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ کرغزستان کے سفیر نے کہا کہ ان کا ملک تجارت، سرمایہ کاری اور کاروبارکے ذریعہ پاکستان کے ساتھ تعلقات میں اضافہ میں گہری دلچسپی لے رہا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان دوست ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات میں اضافہ کو بہت اہمیت دے رہا ہے۔ وزیر خزانہ نے کرغز سفیر کو ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھی آگاہ کیا۔ کرغز سفیر کا شکریہ ادا کیا اور انہیں مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے میں مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا۔