جون میں ریکارڈ ٹیکس و صولی، تیل مہنگا کرنے کا اعلان ٹی وی پر نہیں کرنا چا ہئیے تھا: مفتاح
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) ایک ماہ میں 763 ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کرکے ایف بی آر نے تاریخ رقم کر دی ہے۔ ہم نے ٹیکس سیلز اور پٹرولیم ٹیکس کے علاوہ وصولی کیا۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور چیئرمین ایف بی آر نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہم نے سابق دور سے زیادہ ٹیکس جمع کئے ہیں۔ انکم ٹیکس کی مد میں کبھی بھی 300 ارب سے زیادہ ٹیکس اکٹھا نہیں کیا گیا۔ اس ماہ ہم نے 379 ارب روپے انکم ٹیکس جمع کیا۔ ہم نے 45 فیصد زائد ٹیکس جمع کیا۔ انکم ٹیکس کے تمام کلیمز واپس کر دیئے۔ ایف بی آر نے جون میں تاریخ رقم کی۔ پچھلے سال کی نسبت 32 ارب روپے زیادہ ٹیکس جمع کیا۔ آئی ایم ایف سے طے کردہ 6100 ارب سے زائد ٹیکسز حاصل کئے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ مجھے پٹرول کی قیمت میں اضافے کا اعلان ٹی وی پر آکر نہیں کرنا چاہیے تھا۔ جمعہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ مجھے گزشتہ شام پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان ٹی وی پر نہیں کرنا چاہیے تھا۔ یہ اعلان میرے ایک اور ساتھی کو کرنا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے فیصلہ کیا تھا کہ مصدق ملک اور مجھے ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کرنا چاہیے۔