• news

حکومت عوام پر مسلسل نا قا بل برداشت نبوجھ ڈال رہی ہے،آج احتجاج میں شریک ہوں : عمران


اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے/ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ  حکومت مسلسل عوام پر ناقابل برداشت بوجھ ڈال رہی ہے۔  عمران خان نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ روس سے سستا تیل خریدنے کے بجائے امریکہ کی حکومت تبدیل کرنے کی  سازش کے نتیجے میں اقتدار میں آنے والی امپورٹڈ حکومت مسلسل عوام پر ناقابل برداشت بوجھ ڈال رہی ہے۔ امپورٹڈ حکومت نے خود کو 1100 بلین روپے کا این آر او دیدیا ہے۔ مجموعی طور پر پٹرول کی قیمت میں 99 روپے‘ ڈیزل کی قیمت میں 133 روپے اضافہ ہوا۔ عوام اس کے خلاف آج ہمارے احتجاج میں شرکت کریں۔ اپنے ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں‘ بدترین لوڈشیڈنگ کیخلاف ہفتے کی شام 5 بجے امپورٹڈ حکومت کیخلاف پریڈ گراؤنڈ میں تاریخی جلسہ ہو گا‘ میں پنڈی سے پریڈ گراؤنڈ تک ریلی کی قیادت کروں گا۔ ادھر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید لال حویلی سے جلوس کی قیادت کریں گے۔ جھنگی سیداں ترنول سے تحریک انصاف کے سینئر رہنما عامر مغل جلوس کے ہمراہ جلسہ گاہ پہنچیں گے۔ پنڈال میں پانچ ہزار کرسیاں بھی لگا دیں گئیں۔ عمران خان نے اسلام آباد پالیسی انسٹیٹیوٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت یہ بحث جاری ہے کہ اس ملک کے ساتھ ہوا کیا ہے۔ اکنامک سروے کے مطابق ہمارے دور میں معیشت بہتر ہورہی تھی۔ تحریک انصاف کے دور میں زراعت، صنعت اور دیگر شعبوں میں بہتری آرہی تھی۔ کون سی ایسی قیامت آگئی تھی کہ ہماری حکومت کو بیرونی سازش کے تحت ہٹایا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ ہمیں بتایا گیا کہ ہماری حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے کی اہل نہیں۔ اب دو مہینے میں اتنی مہنگائی ہو گئی ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ سب کو خوف ہے کہ ہماری معیشت سری لنکا کے حالات کی طرف جا رہی ہے۔ اگر ایسا ہوا تو سب سے بڑا مسئلہ نیشنل سکیورٹی کے لئے ہوگا۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ امریکہ چاہتا ہے کہ پاکستان میں بیسز مل جائیں اور پاکستان کو اپنے فائدے کے لئے استعمال کریں۔ کیا ہمارے ملک میں لوگوں کو خوف نہیں؟ جو کہتے ہیں ہم نیوٹرلز ہو کر پیچھے ہو گئے ہیں کیا یہ انکا پاکستان نہیں؟۔ معیشت نیچے جائے گی تو کیا نیوٹرلز کے لئے نقصان نہیں ہوگا؟۔

ای پیپر-دی نیشن