• news

جواہرات رسول ﷺ

٭حضرت عبدابن مسعود سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا‘ جو کسی نیک کام کی ترغیب دیگا تو اس کو اس نیک کام پر عمل کرنیوالے کے برابر ثواب ملے گا۔ (صحیح مسلم)
٭ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا‘ جو لوگوں کو ہدایت (اورخیر) کی طرف بلاتا ہے۔ اسے ان لوگوں کے برابر ثواب ملتا ہے جو اس ہدایت کا اتباع کرتے ہیں‘ دعوت دینے والے اور عمل کرنیوالے (دونوں) کے اجر (وثواب) میں کوئی کمی نہیں ہوتی اور جو شخص گناہ (اور گمراہی) کی طرف بلاتا ہے۔ وہ (خود بھی) اس گمراہی (اور دعوتِ شر) پر عمل کرنیوالوں کے برابر گناہ گار ہوتا ہے۔ ان (دونوں) کے گناہوں میں کچھ کمی (واقع) نہیں ہوتی۔ (صحیح مسلم)
٭شداد بن اوس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا، آپ فرما رہے تھے جس نے دکھلاوے کی (ریاکاری کرتے ہوئے) نماز پڑھی اس نے شرک کیا اور جس نے دکھلاوے کا روزہ رکھا اس نے شرک کیا اور جس نے ریا کاری کرتے ہوئے صدقہ دیا‘ اس نے (بھی) شرک کیا۔ (احمد)
٭حضرت مستور بن شداد سے روایت ہے کہ میں نے جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا، آپ فرماتے ہیں۔ ’’دنیا کی مثال آخرت کے مقابلے میں ایسی ہے جیسے تم میں سے کوئی اپنی ایک انگلی دریا میں ڈبو کر نکال لے اور پھر دیکھے کہ پانی کی کتنی مقدار اس میں لگ گئی ہے۔ (مسلم)
٭حضر ت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا۔ مومن ایک سوراخ سے دوبار نہیں ڈسا جاتا۔ (بخاری)
 ٭ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔ حیا اور ایمان ہمیشہ ساتھ ساتھ ہی رہتے ہیں۔ جب ان میں سے کوئی ایک اٹھا لیا جاتا ہے تو دوسرا بھی اسکے ساتھ ہی اٹھالیا جاتا ہے۔ (بہیقی) 
٭ حضرت عمران بن حصین رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ’’حیا صرف خیر ہی کو لے کر آتی ہے۔ (بخاری، مسلم ) ٭حضرت جریر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ تبارک وتعالیٰ اس شخص پر رحم نہیں کرتا جو دوسر ے انسانوں پر نہیں کر تا۔ (بخاری و مسلم )

ای پیپر-دی نیشن