ایف ڈی اے ، ورک چارج ملازمین کو ورک مین کا درجہ دیاگیا
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) حکومت پنجاب کے پالیسی فریم ورک کے مطابق ایف ڈی اے کے ورک چارج ملازمین کو ورک مین کا درجہ دیاگیاہے ۔ ایف ڈی اے ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ عدالتی فیصلے کی تعمیل میں حکومت پنجاب کی طرف سے ورک چارج ملازمین کو ورک مین کا درجہ دینے کیلئے مرتب کردہ پالیسی کے مطابق مسلسل 9ماہ سے زائد عرصہ ملازمت کے حامل ملازمین اس زمرے میں آتے تھے۔ ڈپارٹمنٹل، ایڈمنسٹریٹو اور گورننگ باڈی کی نامزد کردہ سیکروٹنی کمیٹیوں نے مختلف اوقات میں ورک چارج ملازمین کی اہلیت،کارکردگی اور دیگر کوائف کی جانچ پڑتال کی اور یہ عمل تقریباً ایک سال میں مکمل ہوا جس کے دوران ڈیلی ویجز ملازمین کو اجرتوں کی ادائیگی میں تاخیر کا مسئلہ بھی درپیش رہا۔ ترجمان نے کہاورک چارج ملازمین کو ورک مین کا درجہ دینے کے بارے میں قواعد وضبوابط یامیرٹ کی خلاف ورزی کا تاثر بالکل غلط اور بے بنیاد ہے۔