• news

صدر کومختلف ممالک کے نو تعینات سفیروں نے اسناد سفارت پیش کردیں

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو امریکہ، ترکیہ، آسٹریلیا، یورپی یونین، بھوٹان اور سوڈان کے نئے تعینات ہونے والے سفیروں نے یہاں ایوان صدر میں اسناد سفارت پیش کردیں۔ بعد ازاں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ آرمن بلوم، ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر محمت پاچاجی، آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز، یورپی یونین کی سفیر رینا کوئینکا، سوڈان کے سفیر صالح محمد احمد محمد صدیقی اور بھوٹان کے غیر مقیم سفیر رنچن کوئنسائل نے صدر سے الگ الگ ملاقات کی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نئے امریکی سفیر ڈونلڈ آرمن بلوم سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین باہمی احترام اور باہمی مفاد کے اصولوں پر مبنی تعمیری اور پائیدار روابط خطے میں امن، ترقی اور سلامتی کے فروغ کے لیے ناگزیر ہیں۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آسٹریلیائی کمپنیاں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، زراعت، قابل تجدید توانائی، کان کنی، مینوفیکچرنگ، پانی اور فضلہ کے انتظام میں سرمایہ کاری کر سکتی ہیں، پاکستان میں مختلف شعبوں میں انتہائی ہنر مند انسانی وسائل کا ایک بڑا ذخیرہ موجود ہے ۔ صدر مملکت نے پاکستانی طلباء کیلئے آسٹریلیا میں وسیع تعلیمی مواقع پر اطمینان کا اظہار کیا۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے سفراء  کو پاکستان میں تقرری پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سفراء مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کیلئے کوششیں کریں گے۔
اسناد تقرر

ای پیپر-دی نیشن