بلاول لاہور پہنچ گئے، پارٹی رہنما ئوں سے مشاورت
لاہور‘ اسلام آباد (نامہ نگار + نمائندہ خصوصی) بلاول بھٹو زرداری 2 روزہ دورے پر گزشتہ روز لاہور پہنچ گئے۔ بلاول بھٹو زرداری سے بلاول ہاؤس بحریہ ٹاؤن لاہور میں پیپلز پارٹی پنجاب کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ سید حسن مرتضی کے ہمراہ علی حیدر گیلانی، مخدوم عثمان احمد،سردار ممتازعلی چانگ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری سے ان کی دادی کی وفات پر تعزیت کا اظہار اور فاتحہ خوانی کی جبکہ پنجاب میں سیاسی صورتحال اور ضمنی انتخابات کے علاوہ پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے لائحہ عمل اور اتحادی جماعتوں کے ساتھ چلنے اور پاور شیئرنگ کے حوالے پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ علاوہ ازیں آج پیپلز پارٹی ایگزیکٹو کے لاہور سے تعلق رکھنے والے ارکان لاہور چیمبر آف کامرس کا بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کرے گا۔ علاوہ ازیں مختلف اہم حکومتی وسیاسی شخصیات بھی بلاول بھٹو زرداری سے ان کی دادی کی وفات پر اظہار تعزیت کے لئے ملاقات کریں گی۔ قبل ازیں اسلام آباد میں بلاول بھٹو زرداری نے علیل پارٹی رہنما لال خان کے گھر جاکر ان کی عیادت کی انہوں نے لال خان جلد صحتیابی کیلئے دعا کی دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری نے کالم نگار اور تجزیہ کار ایاز امیر پر تشدد کے واقعے کی مذمت کی ہے انہوں نے کہا کہ حکام ایاز امیر پر تشدد کے معاملے کی شفاف تحقیقات کرکے ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کریں۔وزیر خارجہ، پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے بشیر ریاض،شہزاد سعید چیمہ، شازیہ عابد، ذوالفقارعلی بدر، فیصل میر، محمود حیات ٹوچی خان، عائشہ نواز چوہدری، عابد آرائیں، احسن رضوی، ذیشان شامی، بشارت علی، افراز نقوی، ملک احسن ، رانا یعقوب ودیگر نے بلاول ہاؤس بحریہ ٹاؤن لاہور میں ملاقات کی اوران کی دادی زرین آراء زرداری کے انتقال پراظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔