• news

 باکسنگ ٹیم کامن ویلتھ گیمز میں اچھی کارکردگی دکھائے گی :ناصر اعجاز تنگ

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل ریٹائرڈ ناصر اعجاز تنگ نے کہا ہے کہ قومی باکسنگ ٹیم کے کھلاڑی کامن ویلتھ گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور کامن ویلتھ گیمز روواں ماہ جولائی کے آخری ہفتے میں برمنگھم میں کھیلی جائیگی۔  قومی باکسنگ ٹیم کے کھلاڑیوں کا کامن ویلتھ گیمز اور دوسرے بین الاقوامی ایونٹس کی تیاری کے سلسلہ میں تربیتی کیمپ راولپنڈی میں جاری ہے جس میں ملک بھر سے 25 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں ان کھلاڑیوں کو مختلف کوچز تربیت دے رہے ہیں،کامن ویلتھ گیمز میں پانچ کھلاڑی پاکستان کی نمائندگی کریں گے جن میں چار مرد اور ایک خاتون کھلاڑی شامل ہے ۔ مرد کھلاڑیوں میں زوہیب رشید(48 کلوگرام )، الیاس(57 کلوگرام )، سلمان بلوچ (63.5 کلو گرام )، نصیر اللہ(92 کلوگرام ) اور خواتین کھلاڑی مہرین (57 کلوگرام ) کے مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ کوچنگ کے فرائض ارشد حسین اور منیجر کے اصغر بلوچ انجام دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر بے پناہ میڈلز حاصل کر رکھے ہیں اور امید ہے کہ کامن ویلتھ گیمز میں بھی پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی کامیابی کیساتھ وطن واپس لوٹیں گے۔ قومی ٹیم کے کوچ ارشد حسین نے بتایا کہ تربیتی کیمپ میں کھلاڑی بھر پور محنت کر رہے ہیں اور فیڈریشن ان کھلاڑیوں کو تمام سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن