دورہ سری لنکا ، قومی کرکٹرز کی تیاریاں مکمل ، 6 جولائی کوروانگی
لاہور (سپورٹس رپورٹر)قومی ٹیسٹ سکواڈ 6 جولائی کو لاہور سے سری لنکا روانہ ہوگا۔تمام کھلاڑی 5 جولائی کو لاہور میں اکٹھے ہوں گے۔انگلینڈ میں جاری کائونٹی چیمپئن شپ کے میچز میں شریک شان مسعود، محمد رضوان اور اظہر علی بھی 5 جولائی کو لاہور میں رپورٹ کریں گے۔قومی ٹیسٹ سکواڈ 2 میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنے کیلئے 6 جولائی کو لاہور سے سری لنکا روانہ ہوگا۔سری لنکا پہنچنے کے بعد قومی سکواڈ نو تاگیارہ جولائی تین روزہ پریکٹس میچ کھیلے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سریز کا پہلا میچ سولہ جولائی سے شروع ہوگا۔دوسرا ٹیسٹ میچ چوبیس جولائی سے شروع ہوگا۔ مشن سری لنکا کیلئے پاکستان نے تیاری مکمل کرلی ہے ۔ مجموعی طور پر تربیتی کیمپ کے دوران کوچز کی توجہ مڈل آرڈر اور سپنرز کی کارکردگی بہتر بنانے پر مرکوز رہی۔آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل ہوم سیریز میںآسٹریلیا سے شکست کا شکار ہونے والی پاکستان ٹیم کا اگلا امتحان رواں ماہ سری لنکا میں ہونا ہے،اپنے ملک کی سازگار کنڈیشنز میں پچز ایسی تھیں کہ نہ تو میزبان پیسرز ان کا فائدہ اٹھاسکے نہ ہی سپنرز کی گیندوں میں اتنی جان تھی کہ کینگروز دبائو میں آتے،سری لنکا میں یقینی طور پر سلو ٹریکس ہوں گے۔یاد رہے کہ سری لنکا میں پاکستان نے میزبان ٹیم کیخلاف 23میچز میں 8فتوحات حاصل کی ہیں،7میں شکست ہوئی،8مقابلے ڈرا ہوئے، سری لنکا میں مجموعی طور پر 9سیریز میں سے گرین کیپس 4، میزبان 3میں سرخرو ہوئے،2سیریز ڈرا ہوئیں، 1986میں سیریز 1-1سے ڈرا ہوگئی تھی۔پاکستان نے 1994میں دونوں میچز جیت لیے تھے، 1997میں دونوں میچ ڈرا ہوئے،2000میں 3میچز کی سیریز میں گرین کیپس2-1سے سرخرو ہوئے تھے،2006میں ایک میچ ڈرا ہوا، ایک میں پاکستان کامیاب رہا،2009میں سری لنکا نے 3میچز کی سیریز میں سے2-0سے کامیابی حاصل کی،2012میں میزبان ٹیم نے1-0سے کامیابی پائی،،2میچز ڈرا ہوئے،2014میں دونوں میچز سری لنکا نے جیت لیے تھے،7سال قبل 2015میں پاکستان 3میچز کی سیریز میں2-1سے سرخرو ہوا۔