مارشل لاء نفاذ کے خلاف پیپلزپارٹی کل یوم سیاہ منائے گی‘ ریلیاں‘ جلسے‘ سیمینارز
لاہور(نامہ نگار)پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام کل 5 جولائی بطور یوم سیاہ منایا جائے گا۔ 5 جولائی1977 کو ذوالفقار علی بھٹو کی منتخب حکومت کا تختہ الٹ کر ملک میں مارشل لاء نافذ کیا تھا ۔ اس موقع پرپاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے زیر اہتمام وسطی پنجاب کے چھ ڈویژنزاور 24اضلاع میں پارٹی تنظیموں کے زیر اہتمام سیمنار،ریلیوں اور جلسوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ پیپلز لائرز فورم کے زیر اہتمام آج4جولائی بروز پیر ڈاکٹر جاوید اقبال آڈیٹوریم لاہور ہائیکورٹ بار میںسیمینار سے سینئر صوبائی وزیر سید حسن مرتضیٰ بطور مہمان خصوصی خطاب کریں گے ۔ چیئر مین اینٹی کرپشن کمیٹی پنجاب بار کونسل راحیل کامران چیمہ نے کل منگل5جولائی کو سقوط جمہوریت پر ڈاکٹر جاوید اقبال آڈیٹوریم لا ہوورہائیکورٹ میں ایک سیمینار کا اہتمام کیا ہے جس میں نفیسہ شاہ،ساعلی احمد کرد،ایاز امیر،امجد اقبال خان ، چوہدری مبشر رحمان اور ذوہیب بٹ خطاب کریں گے۔پیپلز سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں بھی تقریب ہوگی۔سینئر صوبائی وزیر سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ یوم سیاہ مناتے ہوئے ۔ ذوالفقار علی بھٹو کی جمہوری حکومت پر شب خون مارنے کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔علاوہ ازیں پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود نے جنوبی پنجاب کی تمام پارٹی تنظیموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صوبہ بھر میں پیپلز پارٹی کے تمام دفاتر میں 5 جولائی کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں۔ تمام ڈویژنل،ضلع،شہر اور تحصیل تنظیموں کے ساتھ ساتھ الائیڈ ونگز، ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی ورکرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 5 جولائی 2022 کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں اور بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں گے، پارٹی پرچم اور احتجاجی بینرز، پلے کارڈز کو اپنے مظاہروں میں استعمال کریں۔