• news

روس نے یورپ گیس فراہمی والی پائپ لائن بند کردی ، شہر بلیگو میں 2 دھماکے ، 3 ہلاک 

ماسکو‘ کیف (این این آئی + آئی این پی) روسی شہر بیلگورود دھماکوں سے گونج اٹھا، دھماکوں میں کم از کم 3 افراد کے ہلاک‘ متعدد زخمی ہو گئے۔ اتوار کو بیلگورود اوبلاسٹ کے علاقائی گورنر نے میڈیا کو بتایا کہ یوکرین کی سرحد کے قریب روسی شہر بیلگورود میں کئی دھماکوں سے کم از کم تین افراد ہلاک‘ گورنر ویاچسلاو گلادکوف نے ٹیلی گرام میسجنگ ایپ پر پوسٹ کیا کہ کم از کم 11 رہائشی عمارتوں اور 39 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں سے پانچ تباہ ہو گئے ہیں۔ روس نے یوکرائن کے مشرقی شہر لسچانسک پر بھی قبضہ کرنے کا دعویٰ کردیا۔ یوکرائنی صدر وولودومیر زیلنسکی نے یوکرینی شہر اوڈیسا پر میزائل حملوں کو روس کی دانستہ اور بامقصد دہشت سے تعبیر کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یوکرینی صدر وولودومیر زیلنسکی نے ملک کے جنوبی علاقے اوڈیسا میں ہونے والے روسی میزائل حملوں کی مذمت کی۔ روس نے یورپ کو گیس سپلائی کرنے والی پائپ لائن نارڈ سٹریم ون کو 10 دن کے لئے بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ روسی حکام کے مطابق گیس پائپ لائن 11 جولائی سے 21 جولائی تک بند رہے گی، پائپ لائن کو مرمت کی غرض سے بند کیا جا رہا ہے، تاہم گیس پائپ لائن بند ہونے سے یورپ میں گیس کا بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔ یورپ کو 60 فیصد گیس نارڈ سٹریم پائپ لائن سے سپلائی کی جاتی ہے جو بند ہونے سے یورپ کو گیس کی سپلائی آدھی رہ جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن