اوورسیز پاکستانی محب وطن‘ دنیا میں پاکستان کا نام روشن کر رہے: شجاعت
لاہور( خصوصی نامہ نگار)پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے پاکستان مسلم لیگ امریکہ کے صدر میاں ذاکر نسیم نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں ان کے صاحبزادے پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر چودھری شافع حسین اور وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ چودھری سالک حسین بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پارٹی امور اور قومی معاملات کے حوالے سے تفصیلی طور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوران گفتگو چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملکی معیشت کی مضبوطی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، تارکین وطن پاکستان کا اثاثہ ہیں، یہ لوگ دیارِغیر میں دن رات محنت اور جدوجہد کر کے قیمتی زرمبادلہ ملک پاکستان کو بھجواتے ہیں اور ملک کی ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی محب وطن اور باصلاحیت ہیں جن کی بدولت دنیا میں پاکستان کا نام روشن ہو رہا ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے امریکہ میں پارٹی کی مضبوطی اور بہتری کیلئے میاں ذاکر نسیم کو ہدایات بھی جاری کیں۔