عمران کو صادق امین کہنے والا منہ چھپاتا پھر رہا ، تیل قیمتوں پر بے بس ہیں : رانا ثناء
فیصل آباد( نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے نواز شریف کو دکھ ہوا، پی ٹی آئی حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا تھا، آئی ایم ایف معاہدے کے مطابق سبسڈی صفر کرنی ہے۔ فیصل آباد میں لیبر ڈیپارٹمنٹ کے مستحقین میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بیڈ گورننس کے ایشو کو اب ختم کیا جائے گا، مہنگائی میں عام آدمی کو مشکلات کا سامنا ہے، گزشتہ ساڑھے 3 سال میں بیڈ گورننس تھی، آئی جی اسلام آباد نے تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کیا، آئی جی اسلام آباد نے اپنے مطالبات پیش کیے، ہم مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کریں گے۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ہم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے، سبسڈی صفر کرنے کیلئے پٹرول مہنگا کرنا پڑا، انتخابات کی طرف جاتے تو ملک کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ تھا، آئی ایم ایف معاہدے کے بغیر ورلڈ بینک پیسے نہیں دے گا، عمران خان نے آئی ایم ایف معاہدے کی خلاف ورزی کی، سابق وزیراعظم نے تیل کی قیمتیں بڑھانے کے بجائے کم کیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدے پر سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کے دستخط ہیں، پی ٹی آئی حکومت میں گورننس نہیں تھی صرف انتقام لیا گیا، 25 مئی کو پی ٹی آئی کا احتجاج ناکام تھا، یہ لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اب یہ لوگ روز سیاسی مخالفین کو گالیاں نکال رہے ہیں، کل کے جلسے میں 8 سے 10 ہزار کرسیاں لگائی گئیں۔ رانا ثناء اﷲ نے کہا ہے کہ عمران خان کے سبسڈی بڑھانے پر عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے ریڈ مارک کر دیا تھا‘ مجبوری میں ملک کو بڑی تباہی سے بچانے کیلئے مشکلات سے گزرنے کا فیصلہ کیا۔ رانا ثناء اﷲ نے مزید کہا کہ جس نے عمران خان کو صادق اور امین قرار دیا وہ خود شکل چھپاتا پھر رہا ہے۔ عمران خان نے خود پرویز الٰہی کو پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہا‘ کون سب سے بڑے ڈاکو کو وزیراعلیٰ بنوانے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہا ہے؟۔ رانا ثناء اﷲ نے دعوی کیا کہ ابھی 50 کے قریب فرح گوگی اور گوگے برآمد ہوں گے۔ عمران خان کے سبسڈی بڑھانے پر آئی ایم ایف نے ریڈ مارک کر دیا تھا‘ مجبوری میں ملک کو بڑی تباہی سے بچانے کیلئے مشکلات سے گزرنے کا فیصلہ کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کی اہلیہ کی آڈیو سے سب واضح ہو گیا ہے‘ ان کے اعمال سامنے آ رہے ہیں‘ سب عیاں ہو چکا ہے‘ جن کے ساتھ اس نے حکومت کی انہیں بھی ڈاکو چور کہتا ہے‘ اس بندے نے پوری قوم کو کنگال اور بے حال کر دیا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے معاملے پر ہم سب بے بس اور بہت زیادہ دکھی ہیں۔ اگر آئی ایم ایف کے ساتھ سابق حکومت کے کئے گئے معاہدے پورے نہ کرتے تو پاکستان بھی سری لنکا کی طرح ڈیفالٹ ہو سکتا تھا۔ مہنگائی میں عام آدمی کی مشکلات کا اندازہ ہے‘ تیل کی قیمتوں کو بڑھانے کے معاملے پر ہم سب بے بس اور بہت زیادہ دکھی ہیں۔