سمن آباد:کریمینل افراد کی سرپرستی، بھتہ خوری پرایس ایچ او کیخلاف احتجاج
لاہور(نامہ نگار) جماعت اسلامی اور نیشنل لیبر فیڈریشن کے زیر اہتمام تھانہ سمن آباد کے ایس ایچ او کے خلاف موڑ سمن آباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس میں جماعت اسلامی ،این ایل ایف کے کارکنان اور سمن آباد کی تاجر برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے ٹرک کھڑے کر کے اور ٹائروں کو آگ لگا کر چاروں طرف جانے والی ٹریفک جام کردی۔جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم،برہم ہو گیا اور گاڑیوں کی لمبی لمبی لائنیں لگ گئیں۔ مظاہرہ 2 گھنٹے جاری رہا۔ اس کے بعد ڈی ایس پی سمن آباد کی یقین دہانی پر مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔ جماعت اسلامی کے رہنما اور این ایل ایف لاہورکے صدر ملک عدنان نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایچ او سمن آباد ناصرف منشیات فروشوں،جواء خانوں اور قحبہ خانوں کی سرپرستی کرتا ہے بلکہ یہاں کی تاجر برادری کو ڈرا دھمکا کر ان سے بھتہ بھی وصول کرتا ہے۔ منشیات فروشوں اور قحبہ خانوں کے خلاف کاروائی کیلئے درخواست لے کر جانے والے شریف شہریوں کو ہی ہراساں کرتا ہے۔ افسران بالا کو کئی بار درخواستیں لکھیں لیکن کوئی شنوائی نا ہوئی اس لئے ہم احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔ اگر ایس ایچ او سمن آباد کو معطل نا کیا گیا تو اس کے بعد بہت بڑا احتجاجی مظاہرہ سی سی پی او آفس کے سامنے کریں گے۔