• news

 ہماری فوج دہشت گردی کے چیلنج سے پوری طرح نمٹ رہی : تنویر الیاس


اسلام آباد (خصوصی رپورٹر )آزاد جموں وکشمیر کے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ہماری فوج دنیا کی عظیم فوج ہے جو دہشت گردی کے چیلنج سے پوری طرح نمٹ رہی ہے لیکن اس کے برعکس بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بدترین بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے اور انسانی حقوق کی شرمناک پامالیاں کی جارہی ہیں مگر اس سے کشمیریوں کے جذبہ حریت اور جدوجہد آزادی کو دبایا نہیں جاسکتا۔ اسلئے ہم بھارت کو کہتے ہیں کہ امن کے ساتھ مقبوضہ کشمیر سے نکل جائے وگرنہ وہ ہماری طاقت سے اچھی طرح واقف ہے اور اسے یہ بھی یاد ہونا چاہیے کہ ہم نے ابھی نندن کو ایسی چائے پلائی تھی کہ وہ پوری دنیا میں چائے چائے کرتا پھر رہا ہے۔
وہ اتوار کی شام لائلپور وارئیرز پاکستان کی جانب سے اپنے شہداء  کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے 'اے راہ حق کے شہیدو!' کے عنوان سے کینال پیلس مارکی ویسٹ کینال روڈفیصل آباد میں منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں ایئر مارشل(ریٹائرڈ) ارشد محمود ملک،ایئر مارشل (ریٹائرڈ) فرحت ایچ خان،آزاد کشمیر کے وزیر ہائر ایجوکیشن ملک ظفراقبال، آزاد کشمیر اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر چوہدری ریاض گجر، پیر مظہرسعید شاہ رکن قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیرو دیگر پارلیمینٹیرینز آزاد کشمیر،فیصل آباد چیمبرز آف کامرس کے عہدیداران، تاجر برادری کے سرکردہ رہنماؤں،حاضر اور ریٹائرڈ فوجی افسران، شہدا کی فیملیز، میجر شاہد بشیر شہید، میجر نثار الماس شہید، کیپٹن ڈاکٹر بلال خلیل شہیدکے عزیز واقارب اور سول سوسائٹی کے مختلف مکاتب فکر کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے لوئل پور واریئرز کے چیئرمین میجر ریٹارئرڈ تاثیر اکرام نے بھی خطاب کیا اور شہدائ￿  کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

ای پیپر-دی نیشن