75سالوں میں ہم سودی نظام کا خاتمہ نہیں کرسکے: میاں جمیل
لاہور( خصوصی نامہ نگار)سود اللہ تعالیٰ اور رسول کریم ؐ سے اعلان جنگ ہے۔ مملکت خداداد میں حدوداللہ کا مذاق نہ اڑایا جائے۔ان خیالات کا اظہارتحریک دعوت توحید کے مرکزی قائد میاں محمدجمیل نے جامع مسجد ابوہریرہ کریم بلاک اقبال ٹاؤن میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مملکت خداداد کو معرض وجود میں آئے پون صدی گذرچکی ہے لیکن ابھی تک سودی نظام کا خاتمہ نہیں کیا جاسکا۔میاں محمد جمیل نے کہا کہ اس سے بڑھ کربدقسمتی کیا ہوسکتی ہے سودی نظام کو جاری رکھنے کے لیے کبھی حکومت اور کبھی حکومتی ادارے فریق بن جاتے ہیں۔اب پھر وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی گئی ہے جو اعلان جنگ ہے۔جب تک سودی نظام رائج رہے گا،معیشت کبھی نہیں سنبھل سکتی۔انہوں نے کہا کہ انفرادی اور اجتماعی مالیاتی امور اور کاروبار کو اسی صورت فروغ مل سکتا ہے جب بینکاری نظام اورمعاشی معاملات سود سے پاک ہونگے۔حکمران ، ریاستی اداروں کے سربراہ اورحکمرانوں کے حامی واتحادی سیاست دان عذاب الٰہی کو دعوت نہ دیں۔