• news

انگلش بائولرز نے بھارت کیخلاف اچھی بائولنگ کا مظاہرہ نہیں کیا: محمد آصف 


لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان کے سابق تیز گیند باز محمد آصف نے ایجبسٹن میں آخری ٹیسٹ میں بھارتی بیٹر رشبھ پنت کی سنچری بنانے پر  کہا کہ انگلینڈ نے اچھی گیند بازی نہیں کی۔ یہ مکمل طور پر انگلینڈ کے گیند بازوں کی غلطی تھی کیونکہ پنت نے کوئی کمال کی باری نہیں کھیلی ، اس میں تکنیکی خرابیاں ہیں، اس کا نچلا ہاتھ کام نہیں کرتا لیکن پھر بھی وہ سنچری سکور کرنے میں کامیاب رہے کیونکہ انگلش گیند بازوں نے ان کے کمزور سکورنگ ایریاز میں گیند بازی نہیں کی۔ میں افراد کا نام نہیں لوں گا لیکن انگلینڈ نے بہت سی غلطیاں کی ہیں، جب جدیجہ اور پنت بیٹنگ کر رہے تھے تو وہ بائیں ہاتھ کے سپنر کو لے کر آئے تھے جو اس وقت باؤلنگ کا بہترین آپشن نہیں تھا۔ میں پنت کیخلاف نہیں ہوںلیکن مخالف ٹیم کے اس طرح کے فیصلوں سے آپ کو بڑا سکور کرنے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے ویرات کوہلی کے تکنیکی مسائل کی نشاندہی کی تھی لیکن انہوں نے مزید کہا کہ انہیں کوہلی کو بلے بازی کرتے دیکھنا پسند ہے۔ میں نے کچھ سال پہلے کوہلی کی تکنیکی خرابی کی نشاندہی کی تھی لیکن لوگوں نے مجھے تنقید کا نشانہ بنانا شروع کردیا ،آج دیکھیں، اس نے کافی عرصے سے سنچری نہیں بنائی ہے، مجھے کوہلی کو دیکھنا اچھا لگتا ہے اور وہ بھی مجھ سے بڑا کھلاڑی ہے لیکن تکنیکی طور پر اسے زیادہ محنت کرنے کی ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن