• news

امریکہ کے ساتھ تجارت اور عوامی سطح پر وفود کے زیادہ تبادلوں کی ضرورت: پرویز الٰہی 


لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے کمرشل و کاروباری امور دلاور سید نے سپیکر چیمبر میں ملاقات کی۔ دلاور سید امریکہ میں سمال، میڈیم کاروباری اداروں کے صدر اور سی ای او رہے ہیں اور تجارتی و اقتصادی پالیسیوں کا بھرپور تجربہ رکھتے ہیں۔ ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات، پارلیمانی و باہمی دلچسپی کے امور اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر  پرویز الٰہی نے کہا کہ دونوں ملکوں میں دیرینہ تعلقات کے فروغ کیلئے باہمی رابطے، تجارت اور عوامی سطح پر وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلوں کی ضرورت ہے۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، توانائی اور صحت سمیت دیگر شعبہ جات میں شر اکت داری مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ امریکی نمائندہ خصوصی دلاور سید نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے مابین خوشگوار تعلقات بڑھانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ امریکہ پاکستان کے ساتھ باہمی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے۔ دلاور سید نے چودھری پرویز الٰہی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ ان کی وزارت اعلیٰ کے دور میں ایف سی کالج لاہور واپس پریسبیٹیرین چرچ کے حوالے کیا گیا۔ سپیکر نے امریکی نمائندہ کو پنجاب اسمبلی کے نئے ایوان اور بلڈنگ کا دورہ بھی کروایا۔ ملاقات میں مس گایا علاقائی پالیسی لیڈر  مس کیتھلین گبیلیسکو سربراہ سیاسی و اقتصادی امور  اور مس صدف سعد پولیٹیکل اینڈ اکنامک سپیشلسٹ بھی موجود تھیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن