بشری بی بی کی مبینہ آڈیو : شیر یں مزاری نے تصدیق کر دی: حکومت ، کال ٹیپنگ جرم ، پی ٹی آئی
اسلام آباد+ لاہور (نامہ نگار+ خصوصی نامہ نگاراپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فواد چوہدری اور شیریں مزاری نے بشری بی بی کو غداری کے مبینہ سرٹیفکیٹ اور اداروں کے خلاف مہم کا ماسٹر مائنڈ ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ بشری بی بی پاکستان تحریک انصاف کے سوشل میڈیا اور جھوٹے بیانیہ کی سربراہ ہیں، فواد چوہدری اور شیریں مزاری نے تسلیم کیا ہے کہ آڈیو بشری بی بی کی ہے اور سیاسی مخالفین کو غد اری کے ساتھ لنک کرنا بشری بی بی کا Opinion ہے۔ پیر کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اداروں کے خلاف مہم بشری بی بی چلا رہی ہیں، ثابت ہو گیا ہے کہ گندی زبان والے ترجمانوں سے غیر اخلاقی پریس کانفرنس بشری بی بی کروا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بشری بی بی منی گالہ میں چھپ کر غداری، بیرونی سازش کے بیانیہ، قومی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا مہم چلوا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کو غداری کے ساتھ لنک کرنے اور گالم گلوچ کے آگے پیچھے بشری بی بی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کے خلاف ماسٹر مائنڈ بشری بی بی ہیں، بشری بی بی نے اپنی تاریخی کرپشن چھپانے کے لئے بیرونی سازش اور غداری کا بیانیہ گھڑا، بشری بی بی سیاسی مخالفین، صحافیوں اور اداروں کے خلاف گالم گلوچ کراتی ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی نے تسلیم کرلیا ہے کہ اپنی کرپشن چھپانے کے لئے غداری کے پرچے بنوائے۔ بیرون ملک سازش کے جھوٹے بیانیہ کے چیمپئن امریکا سے معافیاں مانگتے اور منتیں ترلے کرتے پکڑے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب Bygones are bygones کے معافی نامے امریکا پہنچا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء نے کہا ہے کہ فرح گوگی عمران خان کے فرنٹ پرسن کے طور پر کام کرتی رہی ہیں، فرح گوگی کے خلاف شہادتیں موجود ہیں۔ رانا ثناء اللّٰہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ فرح گوگی کا بنی گالہ سے تعلق ثابت ہو چکا ہے، انہوں نے اربوں روپے کمائے۔ احتساب کا عمل ہونا چاہیے۔ دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی فون ٹیپنگ کے فارنزک ٹیسٹ کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی فون ٹیپنگ فارنزک کے بعد پتا چلے گا کہ اصلی یا نقلی ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق فون ٹیپنگ غیر قانونی ہے، سپریم کورٹ عمران خان کے گھر فون ٹیپ کرنے کا نوٹس لے۔ گزشتہ روز سابق وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر شیریں مزاری نے فواد چودھری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فون ٹیپنگ آئین کی خلاف ورزی ہے۔ علاوہ ازیں چیف جسٹس سے سابق خاتون اول بشریٰ بیگم کی آڈیو کال کا ازخود نوٹس لینے کیلئے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کی رکن سمیرا کومل کی جانب سے جمع کرائی گئی۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدور فواد چوہدری اور ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ امپورٹڈ سرکار آئی ایم ایف کے سامنے عوام پر بوجھ کم کرنے کی بجائے اینٹی کرپشن قوانین پر مزاحمت کر رہی ہے۔ فون ٹیپنگ کرنا غیرقانونی ہے، یہ سازش کو چھپانے کے لئے کیا جا رہا ہے۔ اس وقت ملک میں سب سے بڑا مسئلہ لوڈشیڈنگ کا ہے، حماد اظہر نے مطالبہ کیا کہ 20 بند پلانٹس کے نام بتا دیں، مگر آج تک کوئی لسٹ نہیں دکھائی گئی۔ فواد چوہدری نے کے پی کے ہائوس اسلام آباد میں سینئر نائب صدر تحریک انصاف ڈاکٹر شیریں مزاری کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا عوام پر ٹیکس لگانے کے لئے آئی ایم ایف کی ساری شرائط مان لی گئیں، مگر اس کے باوجود آئی ایم ایف کا پیکج نہیں مل رہا، آئی ایم ایف نے اینٹی کرپشن قوانین پر نظرثانی کا کہہ رہا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے برعکس پاکستان میں فون ٹیپنگ تسلسل کے ساتھ ہو رہی ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ فرح بی بی کے متعلق کہا گیا کہ انکے ریڈ وارنٹ جاری کئے جائیں گے، مقدمہ بنائے بغیر ریڈ وارنٹ جاری کیسے کئے جا سکتے ہیں؟ ہم امریکہ اور تمام یورپی ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ جس الیکشن کے تحت حمزہ شہباز وزیر اعلی بنے وہ کالعدم ہے تو پھر وہ وزیراعلی کیسے رہ سکتے ہیں۔