پنجاب:100یونٹ تک استعمال کرنے والوں کو بجلی مفت
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ حمزہ شہباز شریف نے صوبے کے پسماندہ طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کر دیا ہے۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ 100یونٹ استعمال کرنے والے صوبے کے تمام صارفین کو مفت بجلی فراہم کی جائے گی۔100 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے 90 لاکھ سے زائد خاندانوں کا بل حکومت پنجاب ادا کریگی، مفت بجلی فراہم کرنے کے لئے 100 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ صوبے کی تقریباً نصف آبادی کو رواں ماہ سے مفت بجلی دی جائیگی، اگست میں آنے والے بل کی ادائیگی حکومت پنجاب کریگی۔ پریس کانفرنس میں حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ ’’وزیراعلیٰ پنجاب روشن گھرانہ پروگرام‘‘ کے تحت ماہانہ 100یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کا مکمل بل حکومت پنجاب ادا کرے گی۔ پسماندہ طبقے کی مہنگائی کے باعث موجودہ مالی مشکلات کے پیش نظر ’’وزیراعلیٰ پنجاب روشن گھرانہ پروگرام‘‘ شروع کیا جا رہا ہے۔ جس کے تحت مفت بجلی یکم جولائی سے صوبہ پنجاب کے 44لاکھ سے لے کر 90لاکھ گھرانوں تقریباً ساڑھے پانچ کروڑ افراد کو مفت بجلی دی جائے گی۔ ’’وزیراعلیٰ پنجاب روشن گھرانہ پروگرام‘‘ کے تحت 100یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے بل اور اس میں موجود تمام ٹیکسز اور ڈیوٹیز حکومت پنجاب ادا کرے گی، پچھلے چھ ماہ میں 100یونٹ ماہانہ بجلی استعمال کرنے و الے صارفین سہولت سے مستفید ہوسکیں گے۔ روشن گھرانہ پروگرام سے صوبے کی تقریباً نصف آبادی مستفید ہوسکے گی اور ایک سال کے دوران حکومت پنجاب توانائی کے متبادل ذرائع کے طورپر سولر انرجی پراجیکٹس شروع کرے گی تاکہ صوبہ بھر کے غریب اور نادار افراد کو مطلوبہ بجلی کے برابر شمسی توانائی پیدا کر کے انہیں فراہم کی جائے۔ ہمیں عوام کی مشکلات اور دکھوں کا بھرپور احساس ہے۔ مشکل معاشی صورتحال کے پیش نظر ہمیں دل پر ہاتھ رکھ کر بجلی اور پٹرول کے نرخ بڑھانا پڑے۔ عام آدمی کی مشکلات اور مسائل کا ادراک ہے اور اسی کے پیش نظر ملکی معیشت کو سنبھالنے کے ساتھ ساتھ عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے تمام تر کوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔ جب سے وزیراعلیٰ کا منصب سنبھالا ہے، اس دن سے صوبے کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے کوشاں ہوں۔ صوبے کے عوام کے لئے سستے آٹے کی فراہمی کے لئے 200 ارب روپے کی سبسڈی دی تو مجھے کہا گیا کابینہ کے بغیر یہ کام نہ کریں، کل کو نیب پوچھے گا، میں نے کہا کہ اللہ تعالٰی کی مخلوق ترسی ہوئی ہے، اللہ تعالٰی نے مجھے توفیق دی اور الحمد للہ آج پورے پنجاب میں 10 کلو آٹا تھیلا 160روپے سستا مل رہا ہے۔ پنجاب کے تمام ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں مفت ادویات مل رہی ہیں۔ کینسر کی مفت ادویات بھی مریضوں کو ملنا شروع ہو گئی ہیں۔ ہم نے مختصر عرصے میں بہترین لوکل باڈیز قانون کو اسمبلی سے منظور کرایا ہے اور آج صوبے کے عوام کو تیسرا سب سے بڑا ریلیف دینے جا رہے ہیں۔ بلاشبہ بجلی مہنگی ہے۔ عام آدمی کے لئے بجلی کے بل دینا مشکل ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں آج تک عام آدمی کو ایسا ریلیف نہیں دیا گیا۔ اللہ تعالٰی توفیق عطا فرمائے تو انشاء اللہ عوام کو مزید ریلیف دیں گے۔وزیر اعلی حمزہ شہباز نے کہا کہ ہم 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو سولر پینل دینے کا پروگرام بنا رہے ہیں تاکہ ان خاندانوں کو بجلی کے بلوں سے مستقل نجات مل سکے۔ ہم نے عوام کے لئے سستا آٹا، مفت ادویات اور مفت بجلی کے اقدامات سیاست کے لئے نہیں کئے بلکہ اس کا مقصد عوام کی تکالیف کا احساس ہے اور عوام کی مشکلات کو کم کرنا ہے۔ اجالا پروگرام کے تحت ایسے صارفین کو سولر پینل دینے سے بجلی کی بچت بھی ہو گی اور نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔