• news

نوازشریف نے سی پیک ، عمران نے گوگی، پنکی اکنامک کو ریڈور متعارف کرایا: مریم نواز 


لاہور (نیٹ نیوز) مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کی ترقی کے دشمن کا نام عمران خان ہے، پورے ملک سے اس کی سیاست کا صفایا ہونے جا رہا ہے، 17جولائی کو پنجاب کی ترقی کی جنگ جیتنی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے  لاہور کے حلقے پی پی 170 میں ضمنی الیکشن سے قبل ویلنشیا ٹاؤن میں انتخابی جلسے سے خطاب  میں  کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ آپ سب کو نواز شریف کی جانب سے سلام پیش کرتی ہوں، جس محبت سے میرا استقبال کیا میں آپ سب کی شکرگزار ہوں، پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ دل پر پتھر رکھ کر کیا گیا، پنجاب میں 100 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والوں کو کبھی بل نہیں آئے گا۔ چار سالوں سے صرف امیروں کو نوازا جاتا تھا، ن لیگ کی عوامی حکومت آتے ہی آغاز غریب سے کیا ہے، چاہتے ہیں غریب پر بوجھ کم سے کم پڑے، ملک کا خزانہ بنی گالہ والے کھا گئے، ہماری کوشس ہے غریب کا چولہا جلتا رہے۔  چاہتے ہیں غریب پر بوجھ کم سے کم پڑے، سیاست کا پالا ایک ایسے شخص سے پڑ گیا ہے جو فتنہ ہے، پٹرول کی قیمتیں آئی ایم ایف معاہدے کے باعث بڑھانا پڑیں، آئی ایم ایف سے تیل کی قیمتیں بڑھانے کا معاہدہ پی ٹی آئی چیئرمین نے کیا تھا، ہمیں مشکل فیصلے کرنے پڑے۔ نوازشریف اور (ن) لیگ مشکل وقت میں عوام کے ساتھ ہیں، مشکل فیصلے نہ کرتے تو ملک دیوالیہ ہو جاتا، لوگوں کو چور اور ڈاکو کہنے والا ملکی تاریخ کا سب سے بڑا وارداتیا نکلا، تاریخ کے بڑے سکینڈل عمران خان کے دور میں آئے۔ خزانہ خالی ہے مگر شہباز شریف نے یوٹیلیٹی سٹورز پر سستا آٹا دیا ہے۔ عون چودھری، جہانگیر ترین و دیگر توبہ توبہ کر کے تحریک انصاف سے نکلے۔ عمران خان ہمیں کہتا تھا امریکا کے غلام ہیں، 4سال تک جب ان کی حکومت تھی تب کوئی امریکی سازش نہیں تھی، اپنے جلسوں میں امریکی عہدیدار ڈونلڈ لو کیخلاف باتیں کرتا رہا، عمران خان نے 2 دن پہلے اپنا عہدیدار ڈونلڈ لو کے پاس بھیجا، عمران خان کے عہدیدار نے کہا کہ ہم سے غلطی ہو گئی معاف کردیں۔ ایسا سنگین مذاق کوئی عقل و شعور رکھنے والا کر سکتا ہے، یہ مذاق اس نے ہمارے ملک پاکستان کے ساتھ کیا ہے۔ الزامات میرے قائد نواز شریف پر بھی لگے لیکن ایک بھی ثابت نہیں ہوا، میرے والد کو چھوڑنے والوں نے بھی کہا یہ شخص کرپٹ نہیں،  پنجاب کو لوٹنے والے گینگ کا سرغنہ عمران خان تھا، ان کی حکومت میں کہیں سڑکیں ٹوٹ گئیں، کہیں کچرے کے انبار لگ گئے، اب پنجاب ترقی کرے گا، پنجاب کا مینڈیٹ پھر کسی کو چھیننے کی اجازت نہیں دیں گے، سی پیک ن لیگ نے بنایا تھا، عمران خان نے جی پیک بنایا، یعنی گوگی، پنکی اکنامک کاریڈور متعارف کرایا۔ مسلم لیگ ن آپ کو کبھی مایوس نہیں کرے گی، مسلم لیگ ن دن رات محنت کر کے آپ کو مشکلات سے نکالے گی۔ عمران خان کی اہلیہ کی آڈیو سامنے آ گئی ہے، عمران کی اہلیہ آڈیو لیک میں کہتی ہے جو الزام لگائے اس پر غداری کا الزام لگا دو۔ شکر ہے انہوں نے یہ نہیں کہا کہ خواب میں بشارت ہوئی ہے غداری کے ٹرینڈ چلاؤ۔ بارہ کروڑ کے صوبے پنجاب پر ایک گینگ حکومت کر رہا تھا۔ پنکی پیرنی اس کے بچے، سابق خاوند اور فرح گوگی کا گینگ عمران کی سربراہی میں پنجاب پر حکومت کر رہا تھا۔ اللہ کو گواہ بناکر کہتی ہوں کہ تیل کی قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ دل پر پتھر رکھ کر کیا۔ کبھی 75 سال میں ایسا نہیں ہوا کہ آپ بجلی استعمال کریں اور بل نہ آئے۔ میرا دل چاہتا ہے کہ سب کچھ آپ کے قدموں میں لاکر رکھ دوں۔ آپ نے ساتھ دیا تو وہ وقت  دور نہیں جب غریب کا بچہ بھی 3 وقت کی روٹی کھائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن