• news

جو با ئیڈن انتظامیہ کیداتھ ہر سطح پر تعلقات کو فروغ دینے کے خواہشمند


  اسلام آباد (آئی این پی+ نمائندہ خصوصی) وزیراعظم شہبازشریف نے امریکہ کے یوم آزادی پر امریکی عوام اور حکومت کو مبارکباد پیش کی ہے۔ وزیراعظم نے ٹویٹ کی کہ امریکہ کے یوم آزادی پر امریکی عوام اور حکومت کو مبارکباد دینا میرے لئے خوشی کا باعث ہے، امریکہ کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری سمیت دوطرفہ تعلقات بڑھانا چاہتے ہیں، میری حکومت تعلقات میں فروغ کیلئے بائیڈن انتظامیہ کے ساتھ ہر سطح پر رابطہ قائم کرنے کی منتظر ہے۔ پاکستان جو بائیڈن انتظامیہ کے ساتھ باہمی تعلقات کو ہر سطح پر فروغ دینے کا خواہشمند ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ  میں معاون انڈسڑیل  اور ایکسپورٹ سیکٹر  کے  مسائل کے حل کے لئے جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزیر برائے انرجی ڈویژن انجینئر خرم دستگیر، وفاقی وزیر بورڈ آف انویسٹمنٹ چوہدری سالک حسین، وفاقی وزیر برائے کامرس سید نوید قمر، وفاقی وزیر برائے انڈسٹریز سید مرتضی محمود، وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک، ممبر قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی، صوبائی وزیر قانون ملک احمد خان، متعلقہ وزارتوں کے اعلی حکام اور ٹیکسٹائل سیکٹر کے نامور بزنس مین نے شرکت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے انڈسٹریل اور بالخصوص ٹیکسٹائل سیکٹر کے انرجی سپلائی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے بزنس مین کے نمائندہ گروپ کو متعلقہ وزرا سے فوری طور پر ملاقات میں تفصیلاً مسائل پر تبادلہ خیال کی  ہدایت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے انڈسٹریل اور برآمدی سیکٹر کے مسائل کے موافق اور موزوں اقدامات کے ذریعے فوری حل میں ہی پاکستان کی معاشی بقا پوشیدہ ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ معاشی طور پر غیر معمولی صورتحال میں انڈسٹریل اور برآمدی سیکٹر کی ہرممکن مدد سے ہی پاکستان کی برآمدی مصنوعات کو عالمی مارکیٹ میں بہتر طور پر پیش کیا جا سکتا ہے۔  وزیراعظم شہباز شریف نے صرف گیس پر چلنے والے کارخانوں کے لئے گیس لوڈ شیڈنگ  کی پالیسی پر نظرثانی کی ہدایت کی تاکہ برآمدات کی پیداواری ترسیل کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے جگلوٹ سکردو روڈ (جے ایس آر) کے بلاک ہونے کا نوٹس لے لیا۔ وزیراعظم نے لینڈسلائیڈنگ سے تورمک کے مقام پر بند شاہراہ فوری کھولنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے فرنٹئیر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کو ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے  ڈی جی ایف ڈبلیو او کو ہدایت  کی کہ اضافی مشینری اور افرادی قوت استعمال کریں، راستہ جلد کھولا جائے۔ وزیراعظم نے ملکی وغیرملکی سیاحوں کی دیکھ بھال اور اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے فوری انتظامات کی بھی ہدایت  کی۔ شدید بارشوں اور پہاڑی تودے گرنے سے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 6 دن شاہراہ بند تھی، جگلوٹ سکردو روڈ گلگت بلتستان کو تیل اور کھانے پینے کی اشیاء کی فراہمی اور آمدورفت کا واحد زمینی راستہ ہے، مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے سیاح مختلف پروازوں کے ذریعے گلگت بلتستان آرہے ہیں۔ وزیراعظم نے  ہدایت کی کہ  سیاحوں کی آمد سے گلگت بلتستان میں اشیائے ضروریہ کے استعمال میں اضافہ ہوجاتا ہے لہذا اشیاء کی قلت نہ ہونے دی جائے۔ گلگت بلتستان کے ہوٹلز اور سیاحت کے شعبے سے وابستہ افراد نے وزیراعظم سے شاہراہ کی طویل بندش پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔ وزیراعظم نے علاقے کے کاروباری حضرات، آبادی اور سیاحوں کو درپیش مشکلات فوری دور کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ وزیراعظم نے  ہدایت کی کہ عیدالاضحیٰ کی وجہ سے لوگوں نے اپنے گھروں کو بھی لوٹنا ہے، اس لئے کام کی رفتار تیز کی جائے۔ علاوہ ازیں وزیرمملکت خارجہ حنا ربانی کھر نے وزیر اعظم سے ملاقات کی۔

ای پیپر-دی نیشن