پنجاب پولیس کی ای سروسز کو شہریوں کیلئے مزید آسان بنایا جائے : آئی جی
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا کہ جدید پولیسنگ اور عوام کی سہولت کیلئے بنائی گئی تمام موبائل ایپلی کیشنز کی انٹی گریشن کی جائے اور پنجاب پولیس کی ای سروسز کو عام شہریوں کیلئے مزید آسان اور عام فہم بنایا جائے تاکہ شہریوں باآسانی ان جدید سروسز سے مستفید ہوسکیں۔ پولیس اسٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کے تمام ایس او پیز کو فالو کرتے ہوئے تھانوں کی ورکنگ کو مزید بہتر بنایاجائے اور تھانوں اور پولیس دفاتر میں متعین سٹاف کی جدید پولیسنگ کے حوالے سے کپیسٹی بلڈنگ کی جائے۔ لاہور سمیت تمام بڑے شہروں میں ہوٹلز، سرائے اور قیام گاہیں ہوٹل آئی سافٹ وئیر سے لازمی منسلک ہونے چاہئیں اور کسی شہری کو ہوٹل سافٹ وئیر سے چیک ہوئے بغیر ہوٹلوں میں رہنے نہ دیا جائے۔ پبلک سروس ڈلیوری پراجیکٹس فرنٹ ڈیسک، خدمت مراکز اور 1787 کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کی موثر مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے جبکہ کریمنل ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم اور کرایہ داری اندراج سسٹم کے اندراج میں تاخیر قابل قبول نہیں ہوگی۔ ان خیالات کا اظہارآئی جی نے سنٹرل پولیس آفس میں پنجاب پولیس کی آئی ٹی ریفارمز بارے منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پولیس کے آئی ٹی پراجیکٹس، انکی اپ گریڈیشن اور جدید پولیسنگ سے متعلقہ دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔