معاشی حالات بہتر ہوتے ہی عوام کو مزید سہولتیں دیں گے شہباز شریف
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ غریب طبقے کو مشکل معاشی حالات کے اثر سے بچانا اولین ترجیح ہے۔ معاشی حالات بہتر ہوتے ہی عوام کو مزید سہولیات فراہم کریں گے۔ ٹوئٹر پر بیان میں انہوں نے کہا وزیراعلی پنجاب کا ماہانہ 100یونٹس تک استعمال کرنے والے خاندانوں کے لیے بجلی کی مفت فراہمی کا اعلان خوش آئند ہے۔ بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے کورنگ نالہ میں پھنسے چار کم سن بچوں کو بچانے پر ریسکیو ٹیم کو شاباش دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاک بحریہ، اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو 1122 کے عملے نے فرض شناسی کی عمدہ مثال قائم کی ہے۔ راولپنڈی سمیت ملک بھر کی ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو ٹیمیں اسلام آباد کی ٹیم کی مثال کی تقلید کریں۔ ٹیم ورک، محنت سے کام کریں گے تو ان شاء اللہ مشکلات کے طوفانی ریلوں سے سرخرو ہو کر نکلیں گے۔اسلام آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ قوم کارگل جنگ کے ہیرو کرنل شیر خان شہید (نشان حیدر) کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتی ہے، کارگل کے پہاڑوں نے بہادری کا ایسا منظر کبھی نہیں دیکھا ہو گا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے نامور سول سرونٹ عبداﷲ کے انتقال پر تعزیت کی ہے۔
وزیر اعظم