• news

تمام 20 نشستیں حاصل کرینگے ، الیکشن کمشن لوٹوں کو جتانے کی کوشش کر رہا : عمران 

چیچہ وطنی+کسووال+شیخوپورہ (نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) سابق وزیراعظم عمران خان نے چیچہ وطنی میں پی ٹی آئی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے مہنگائی آسمان پر اور معیشت زمین پر گرا دی۔ ہمارے دور میں کسان کو سب سے زیادہ فائدہ دیا گیا۔ سب کسانوں کو پتہ ہے کہ فضل الرحمن کی قیمت کتنی بڑھی ہے۔ یہ حکمران بیرونی سازش کے تحت ہم پر مسلط کئے گئے۔ یہ لوگ 30  سال سے ملک کو لوٹ رہے تھے۔ ہمارے دور میں انڈسٹری نے ترقی کی۔ کسانوںکو سب سے زیادہ فائدہ ہوا۔ قوم لوٹوں کو بھی سمجھ گئی۔ موجودہ حکومت نے کسانوں کا معاشی قتل کیا۔ الیکشن کمشن لوٹوں کو جتانے کی کوشش کررہا ہے۔ یہ امپائر کو  ملا بھی لیں تو نہیں جیت سکتے۔ حمزہ سن لو تم نے اور تمہارے خاندان نے ایک بھی کام ایمانداری سے نہیں کیا۔ ابھی بھی ووٹرز لسٹیں چیک کریں تاکہ آپ کو دھاندلی کا پتہ چل سکے۔ انہوں نے ساری زندگی ایک بھی کام ایمانداری سے نہیں کیا۔ الیکشن والے دن مجھے ہر پولنگ سٹیشن پر 10‘ 10 نوجوان چاہئیں۔ ہم انہیں دھاندلی نہیں کرنے دیں گے۔ سترہ جولائی کو 20 میں سے 20 سیٹیں جیتیں گے۔ مراد علی شاہ جیسا کرپٹ آدمی وزیراعلیٰ بنا ہوا ہے۔ دریں اثنا ایک  ٹویٹ میں عمران خان نے خبردار کیا ہے کہ آج قوم فسطائیت کے خلاف کھڑی نہ ہوئی تو جمہوریت اور ملکی آزادی کا خاتمہ ہو جائے گا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ تنقید کرنے والوں کو ڈرایا دھمکایا اور خاموش کرایا جا رہا ہے۔ قوم سے اپیل کرتا ہوںکہ عمران ریاض کی گرفتاری اور ایاز امیر سمیت صحافیوںکو نشانہ بنانے کے خلاف باہر نکلیں۔ عمران خان نے کہا کہ جب تک ہم سب متحد ہوکر فسطائیت کے خلاف کھڑے نہیں ہوتے‘ پاکستان میں آزاد جمہوریت کا سورج مکمل طورپر غروب ہو جائے گا۔ جلسہ عام میں عوام کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جلسہ کیلئے تقریباً 35ایکڑ رقبہ پر پنڈال سجایا گیا تھا لیکن جلسہ سے کچھ دیر پہلے بارش ہونے سے جلسہ گاہ کا پورا نظام درھم برہم ہو گیا۔ تاہم انتظامیہ کی بھر پور کوششوں سے جلسہ ہوا اور عوام کی بڑی تعداد نے اس میں شرکت بھی کی۔ جلسہ میں پاکستان تحریک انصاف پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد، سابق معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، ضلع ساہیوال اور چیچہ وطنی کی مقامی قیادت، رہنما پی ٹی آئی رائے حسن نواز خاں، رائے مرتضیٰ اقبال خاں، چوہدری وحید اصغر ڈوگر، رانا محمد اجمل خاں اور پی ٹی آئی کے کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ عمران خان کی جلسہ گاہ آمد کے بعد پی ٹی آئی کے امیدوار میجر ریٹائرڈ چوہدری غلام سرور کی طرف سے انہیں پنجابی ثقافت کی مناسبت سے سفید پگڑی پہنائی گئی۔ سابق وزیراعظم عمران خان آج شیخوپورہ آئیں گے اور وہ شام 5 بجے تاریخی کمپنی باغ میں خطاب کریں گے ان کی آمد کے سلسلہ میں 100 فٹ لمبا اور 30 فٹ اونچا سٹیج تیار کر لیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن