نیدرلینڈ کے سفیر کی ملاقات ، مون سون میں عوام کو تکلیف پر سخت ایکشن لوں گا : حمزہ شہباز
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ حمزہ شہباز شریف سے نیدر لینڈ کے سفیر ووٹر پلمپ نے ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ماحولیاتی تغیرات و موسمی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والی صورتحال اور جی ایس پی پلس کے کنونشنز پر بھی گفتگو کی گئی۔ زراعت، فوڈ سکیورٹی، فوڈ پروسیسنگ، ماحولیات اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور نیدرلینڈ کے مابین اچھے دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔ ماحولیاتی تبدیلیاں پوری دنیا کے لئے بہت بڑا چیلنج ہیں۔ نیدر لینڈ کے سفیر نے کہا کہ پنجاب کے زرعی شعبے میں تعاون کے بہت مواقع موجود ہیں۔ پنجاب حکومت کے ساتھ اشتراک کار کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ نے مون سون سیزن اور ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر تمام انتظامی مشینری کو 24/7 الرٹ رہنے کا حکم دے دیا ہے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ کمشنرز اربن فلڈنگ اور ممکنہ سیلاب کے خدشے کے تناظر میں تمام تیاریاں مکمل رکھیں۔ دریاؤں کے بیڈ کے اندر آبادیوں کا بروقت انخلاء پہلی ترجیح ہونا چاہئے۔ دریاؤں کے بیڈ کے اندر تجاوزات کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔ آپ کے پلان تیار ہیں، اصل چیلنج پلان پر عملدرآمد ہوتا ہے۔ آپ کی تیاریاں زمین پر نظر آنی چاہئیں اور جہاں بھی کمی کوتاہی ہے، فی الفور دور کی جائے۔ مخلوق خدا کو تکلیف ہوئی تو سخت ایکشن لوں گا۔ حمزہ شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ممکنہ سیلاب اور مون سون کی تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ ڈویژنل کمشنرز نے اپنے اضلاع میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے پیشگی انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا۔