گوادر واٹر منصوبہ میں مجرمانہ تاخیر ، وزیراعظم نے تحقیقات کا حکم دیدیا
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج کے اجلاس میں، میں نے گوادر بریک واٹر پراجیکٹ میں مجرمانہ تاخیر کی انکوائری کا حکم دے دیا۔ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے 445 ملین ڈالر کی گرانٹ، 484 ملین ڈالر کے آسان قرض اور فزیبلٹی کی دستیابی کے باوجود گوادر بریک واٹر پراجیکٹ کو نظر انداز کرنا انتہائی حیران کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی سے لے کر انفرا سٹرکچر تک، تمام منصوبے پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے تاخیر کی وجہ سے ملک کو مہنگے پڑے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اب دکھانے کا نہیں بلکہ عملی طور پر کام کرنے کا وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں صرف بنیادی ڈھانچے کی ترقی کا معاملہ نہیں، بلکہ سی پیک کا حصہ ہونے کی وجہ سے اس کی سیاسی، اقتصادی اور سٹرٹیجک اہمیت غیر معمولی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کی پسماندگی کو خوشحالی میں تبدیل کرنا ہماری اجتماعی ذمے داری اور میرا مشن ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اب باتوں کا نہیں، عمل کا وقت ہے۔ گوادر کی تعمیر و ترقی پاکستان کے تابناک مستقبل کی ضامن ہے’ بلوچستان کی تعمیر و ترقی ملک سے غربت و افلاس کے خاتمے اور پائیدار امن کی بحالی کے لیے بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادرسمیت پورے بلوچستان کو ترقی کے سفر میں دیگر علاقوں کے ہم پلہ کرنا ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔ بالائی علاقوں تک سڑکوں اور ریلوے لائنوں کا بہترین اور فعال نیٹ ورک کا ہونا بہت ضروری ہے۔ وزیر اعظم نے برآمدی شعبے کی ترقی اور عوام، خصوصا گوادر کے لوگوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے کے لیے گوادر میں چینی سرمایہ کاری کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکن اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے تجارتی سامان کی ترسیل کو یقینی بنانے لے لیے این ایچ اے وزارت بحری امور اور وزارت منصوبہ بندی کو عید کے فورا بعد مشترکہ جائزہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ چیئرمین وزیر اعظم معائنہ کمشن کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اس پیشہ ورانہ غفلت کی تحقیق کر کے ایک ہفتے میں جامع رپورٹ پیش کریں۔ چئیرمین چائنہ اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی پاکستان نے وزیر اعظم کو بتایا کہ 1.2 ملین گیلن روزانہ کی استعداد والا پلانٹ پاکستان جلد پہنچ جائے گا اور اس سال کے آخر تک پیداوار شروع کر دے گا۔ تاہم آف گرڈ گھرانوں کے لیے 1.8 ارب روپے کی لاگت سے 3 کے ڈبلیو والے سولر ہوم سٹیشنز لگائے جا رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کوسارا عمل شفاف ٹینڈرنگ کے ذریعے مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے چیف سیکرٹری بلوچستان کو مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے عملے کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے صوبے میں جاری تمام ترقیاتی کاموں کی میپنگ کرنے کی ہدایت کی۔ وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے سینیٹر مولانا عبدالغفورحیدری مشیر وزیرِاعظم، انجنیئر امیر مقام نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی سیاسی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔ وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے شہریوں کی جانب سے حکومتی کی ادائیگیوں کا نظام آسان اور موثر بنانے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے تا کہ شہری گھر بیٹھے یہ ادائیگیاں آن لائن سسٹم کے ذریعے آسانی کے ساتھ کر سکیں۔ اس سلسلے میں وزیرِاعظم سٹریٹجک ریفارمز یونٹ کے سربراہ سلمان صوفی نے کہا کہ اس کا آغاز عید الاضحی کے فوری بعد کر دیا جائے گا۔