• news

بلاول بھٹو کا امریکی وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ ، تعلقات مزید بڑھانے کا عزم 

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) امریکی سیکرٹری آف سٹیٹ انٹونی بلنکن نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امریکی سیکرٹری آف سٹیٹ نے وزیر خارجہ  بلاول بھٹوزرداری نے ٹیلی فون رابطے کی ٹویٹ کرکے تصدیق کی۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ امریکی سیکرٹری آف سٹیٹ انٹونی بلنکن سے بات چیت  کے دوران ہم نے باہمی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے پر انہیں مزید مظبوط بنانے کے لئے باہمی رابطوں میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ باہمی تعلقات کی مضبوطی کے لئے تجارت، توانائی، صحت عامہ اور سکیورٹی کے شعبوں میں رابطوں میں توسیع کی جائے گی۔ ہمیں اپنے عوامی سطح کے اور بزنس ٹو بزنس رابطوں کو فروغ دینا چاہیے۔ پی پی پی چیئرمین و وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری  نے  بارشوں کے دوران قیمتی جانوں کے ضیاع  پر اظہارِ افسوس  کیا ہے۔ بیان میں انہوں نے کہا کہ بارش کے دوران مختلف حادثات میں 77 شہریوں کا جاں بحق ہونا سانحے سے کم نہیں، قیمتی جانوں کے ضیاع پر پوری قوم رنجیدہ ہے۔ بلوچستان میں بارشوں کے باعث کافی نقصان ہوا ہے، پنجاب سمیت ملک کے دیگر علاقے بھی شدید متاثر ہوئے ہیں، عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، متاثرین کی امداد کے لیے حکومت تمام وسائل بروئے کار لائے گی، متعلقہ حکام سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے شہریوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی کو یقینی بنائیں۔

ای پیپر-دی نیشن