عید: حمزہ شہباز نے معمولی جرائم کے قیدیوں کی سزائیں ایک ما ہ کم کر دیں
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے عیدالاضحی پر بڑا فیصلہ کرتے ہوئے صوبے کی جیلوں میں معمولی جرائم میں بند قیدیوں کی سزائیں ایک ماہ کم کر دیں۔ سزا میں معافی پانے والے قیدی اپنے گھروں میں اپنے پیاروں کے ساتھ عید منا سکیں گے۔ وزیراعلیٰ نے سزاؤں میں کمی کی منظوری دیتے ہوئے کہا جیلوں کو اصلاح گھر ہونا چاہئے۔ معمولی جرائم میں لائے گئے قیدیوں کو سدھارنا مقصد ہونا چاہئے۔ یہ نہ ہو کہ معمولی جرم میں آنے والے قیدی عملے اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے رویے کی وجہ سے بڑے مجرم بن کر نکلیں۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں کمشنر لاہور انڈر 13 ہاکی لیگ 2022ء کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز شریف نے ہاکی سے گیند کو شارٹ لگا کر ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز کیا اور ہاکی لیگ کی ٹرافی کی رونمائی کی۔ کھلاڑیوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ کمشنر لاہور انڈر 13 ہاکی لیگ کے ٹرائل میں 1100 کھلاڑیوں نے شرکت کی اور 180 کھلاڑی میرٹ پر منتخب ہوئے۔ حمزہ شہباز شریف سے ترکی کی وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل برائے یورپی یونین و فارن افیئرز سیلامی کیلک کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور شعبہ صحت میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں فیملی میڈیسن سسٹم، نرسنگ، ویکسینیشن اور ہیلتھ کیئر کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ ترک بھائیوں سے ملاقات میرے لئے باعث مسرت ہے۔ پاکستان اور ترکی ہر موسم کے حقیقی دوست ممالک ہیں۔ ترکی کے ساتھ تعلقات ایک بار پھر بلندیوں پر لے جانا چاہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو صحت کی معیاری سہولتیں فراہم کرنا ہمارا مشن ہے۔