عمران روز سے کھاتا ہے، کارکردگی نہیں بتاتا، شہباز شریف جلد پٹرول پر بڑا ریلیف دیں گے: مریم نواز
لاہور‘ شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت+ نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ جلد وزیراعظم شہباز شریف عوام کو پٹرول کی قیمتوں میں بہت بڑا ریلیف دیں گے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کی کمی کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے گا۔ چند ماہ میں (ن) لیگ ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کے سفر پر لے جائے گی۔ فتنہ خان نے پرائم منسٹر ہائوس کو بلیک میلنگ کا اڈا بنائے رکھا۔ طیبہ گل کو پرائم منسٹر ہائوس میں حبس بے جا میں رکھا اور اس سے ویڈیو حاصل کرکے چیئرمین نیب کو بلیک میل کیا اور (ن) لیگ پر مقدمات بنوائے جبکہ پی ٹی آئی کے لوگوں پر مقدمات ختم کروائے گئے۔ نواز شریف جیل میں ہوں یا لندن میں عوام ان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔ شیخوپورہ میں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ کمپنی باغ (نواز شریف )کے ساتھ ساتھ شہر کے ہر چوک، چوراہے میں (ن) لیگ کا جلسہ ہو رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمپنی باغ (نواز شریف) پارک میں وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف اور حلقہ پی پی 140 کے امیدوار میاں خالد محمود کی طرف سے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق رکن صوبائی اسمبلی حاجی محمد نواز، حلقہ پی پی 141 کے امیدوار سید سجاد حسن شاہ، سابق چیئرمین میاں امجد لطیف، حاجی طارق محمود ڈوگر، مرکزی انجمن تاجران کے صدر میاںذیشان پرویز، سٹی صدر ملک شہزاد ڈوگر، جنرل سیکرٹری میاں رفاقت علی، سابق چیئرمین مارکیٹ کمیٹی ملک پرویز اقبال، شیخ عظیم جاوید، احمد خورشید، ملک اشتیاق احمد ڈوگر، میاں اعجاز احمد، ملک ندیم یوسف ڈالو، ملک عرفان اسلام، اشفاق احمد پپو مہر، میاں عبدالخالق، حاجی ارشد بھولا گادھی، ملک زاہد شفیق، ڈاکٹر ہاشم مقبول، سردار ریاض ڈوگر، سید علی عباس سمیت کارکنان کی بڑی تعدا د موجود تھی۔ کارکنان نے قافلوں کی شکل میں جلسہ میں شرکت کی۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ جھوٹا نیازی گزشتہ روز شیخوپورہ میں جلسی کرکے گیا اور پھر ہر روز ٹی وی پر آکر عوام کا سر کھاتا ہے ،گالیاں دیتا ہے، الزام لگاتا ہے، مگر اپنی 4سالہ کارکردگی نہیں بتاتا۔ جھوٹ بولنا الزام لگانا اس کی عادت ہے۔ فتنہ خان کو الزام لگائے بغیر روٹی ہضم نہیں ہو تی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مہنگائی عمران خان کی وجہ سے ہے۔ اس نے آئی ایم ایف سے جو معاہدے کیے تھے اس کی وجہ سے گیس بجلی اور پٹرول کی قیمتیں بڑھانا پڑیں۔ مگر ضمنی انتخابات کی کیمپیئن میں عوام کی محبت میں کوئی کمی نہیں آئی۔ آج بھی پنجاب شیر کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ خان پنجاب میں ووٹ مانگنے اس لئے آتا ہے کہ پنجاب میں پنکی پیرنی اور فرح گوگی کو وزیر اعلیٰ لگائے تاکہ پنجاب کا پیسہ لوٹا جا سکے اور پنجاب کو غریب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنکی اور فرح کے بچے امیر نہیں بلکہ ارب پتی ہو چکے ہیں۔ جبکہ عمران خان پنجاب میں 100یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں سے بھی دشمنی پر اتر آیا ہے اور ان کیخلاف عدالت میں چلا گیا ہے۔ بہتر ہوتا عمران خان خیبر کے پی میں بجلی فری کرتا پنجاب کے غریبوں کی بجلی فری کیخلاف جاکر عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔ 17جولائی کو پنجاب میں ایک مرتبہ پھر شیر دھاڑے گا اور 17جولائی کے بعد عوام کو حمزہ شہباز 100یونٹ تک بجلی فری دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت غریب کا گھر روشن کرکے فتنہ خان کے چودہ طبق بھی روشن کریگی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی طاقت سب سے بڑی ہے۔ ہمارے اوپر جھوٹے مقدمات بنانے والوں کو ان کے اپنے ہی لوگوں نے مار مار کر اسمبلی سے باہر پھینکا۔ انہوں نے کہا کہ میاں خالد محمود نے اپنی وزارت اور سیٹ کی قربانی دے کر ن لیگ کا پنجاب سے چرایا ہوا مینڈیٹ واپس کروایا ہے۔ اب ہمارا فرض ہے کہ ہم میاں خالد کو کامیاب کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخوپورہ میں جتنے بھی ترقیاتی کام ہوئے ہیں وہ ن لیگ نے کروائے ہیں۔ عمران خان نے گزشتہ روز اپنے جلسہ میں ایک بھی ترقیاتی کام کا ذکر نہیں کیا۔ مریم نواز نے مزید کہا نواز شریف اور شہباز شریف نے ملک کو بحرانوں سے نکالا‘ مشکلیں جتنی بھی بڑی ہوں اﷲ تعالیٰ کے فضل سے اس بار بھی ن لیگ ملک کو بحرانوں سے نکالے گی۔ فتنہ خان نے لوگوں کے منہ سے جو نوالہ کھینچا پنجاب اسے معاف نہیں کرے گا۔ پنجاب کے عوام 17 جولائی کو تمہاری سیاست دفن کر دیں گے۔ آئندہ چند مہینوں میں مسلم لیگ ن ملک کو بحرانوں سے نکال دے گی۔