کرونا کیسز میں مسلسل اضافہ، 693نئے مریض ، واپسی پر حجاج کے ٹیسٹ کا فیصلہ
اسلام آباد‘ مکہ مکرمہ (نامہ نگار + آئی این پی) پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کیسزکی شرح 3 اعشاریہ 28 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 693 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، مزید 379 مریض اس سے شفایاب ہو گئے۔ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کیسز کی شرح 3 اعشاریہ 28 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے۔ کرونا وائرس کے 9 ہزار 346 زیرِ علاج مریضوں میں سے 165 کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 15 لاکھ 1 ہزار 886 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کرونا وائرس کے مزید 21 ہزار 137 ٹیسٹ کئے گئے، نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے حج کے بعد سعودی عرب سے واپس آنے والوں کے ذریعے کرونا وائرس کی منتقلی کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق این سی او سی نے حجاج کرام کی واپسی پر ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے ائرپورٹ حکام کو ہدایت نامہ جاری کردیا ہے۔ ٹیسٹ کے حوالے سے جاری نوٹیفکیشن میں ہدایت دی گئی ہے کہ لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور اور ملتان ائرپورٹس پر آنے والے تمام مسافروں کے ٹیسٹ کیے جائیں اور تمام مسافروں کا ڈیٹا پاس ٹریک ایپ میں لازمی درج کیا جائے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں مسافر کو گھر میں 10روز قرنطینہ کرنا ہوگا۔ این سی او سی نے ائرپورٹ انتظامیہ، ائرپورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) اور محکمہ صحت کے عملے کو بلا تعطل ٹیسٹنگ یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ ادھر گورنر مکہ نے کہا ہے کہ کہ حج کے پہلے دن (یوم ترویہ) کوئی کرونا کیس درج نہیں ہوا۔