پٹرول کٹو تی، گا ڑ یاں خریدنے ، بھر تیوں پر پا بندی: عملدر آمد کیلئے کفایت شعاری کمیٹی قا ئم
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی حکومت نے مالی سال 2022-23 میں اخراجات کو کم کرنے اور کفایت شعاری اقدامات کا اعلان کردیا اور وزیر خزانہ کی سربراہی میں کفایت شعاری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ وفاقی وزراء کی گاڑیوں کے پیٹرول اخراجات میں 40 فیصد اور وفاقی کابینہ ارکان کی سکیورٹی گاڑیوں کے اخراجات میں بھی 50 فیصد کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے، فیصلے کے مطابق سرکاری محکموں پر نئی گاڑیاں خریدنے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم ایمبولینس اور تعلیمی اداروں کیلئے بسیں خریدنے کی اجازت ہوگی۔ کفایت شعاری مشن میں ترقیاتی منصوبوں کے سوا نئی بھرتیوں کی بھی اجازت نہیں ہوگی، جب کہ سرکاری خرچ پر افسران کے بیرون ملک علاج پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے، اور سرکاری افسران کے پیٹرول اخراجات میں بھی 30 فیصد کمی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق دفاتر کے لئے فرنیچر، ایئر کنڈیشنز، فریج کی خریداری پر بھی پابندی ہوگی، سرکاری لنچ، ڈنرز اور ہائی ٹی کی بھی اجازت نہیں ہوگی، تاہم غیر ملکی مہمانوں کی تواضع کیلئے اخراجات کیے جاسکیں گے۔ نوٹیفکیشن میں وزراء کو بجلی گیس کے استعمال میں 10 فیصد کمی لانے کی ہدایت کی گئی ہے، جب کہ اجلاس کو زوم اور ویڈیو لنک کے ذریعے ترجیح دی جائے گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق غیر ضروری آسامیاں اور خالی پوسٹیں ختم کرنے کی بھی سفارش کر دی گئی ہے۔ وزیر خزانہ کی سربراہی میں قائم کمیٹی مین منصوبہ بندی، مواصلات، تجارت، بحری امور کے وفاقی وزرائ، وزیر مملکت خزانہ، منصوبہ بندی اور صنعت کے سیکرٹریز اور ایڈیشنل سیکرٹری اخراجات فنانس شامل ہوں گے۔ کمیٹی کفایت شعاری کے اقدامات پر عمل کو یقینی بنائے گی‘ کمیٹی ان اقدامات میں نرمی کی تجاویز پر غور کرے گی، کمیٹی ایک اور کمیٹی بنائے گی جو سرکاری کاروباری اداروں، کارپوریشنز،خود مختار اداروں کی ضرورت اور افادیت پر کام کرے گا۔