• news

اللہ پاکستان کو قر ضوں، معاشی مشکلات سے نجات دلائے، کشمیر یوں کی حمایت کرتے رہیں گے: شہباز شریف 


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم برادر ملک انڈونیشیا کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور کہا ہے کہ دونوں ممالک باہمی مفادات کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف سے انڈونیشیا کے سفیر ایڈم ٹوگیو نے لاہور میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم برادر ملک انڈونیشیا کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ دونوں ممالک باہمی مفادات کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ وزیراعظم نے کشمیری حریت پسند برہان مظفر وانی کے یوم شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ کشمیریوں کی جراتمندانہ جدوجہد کو سلام ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ برہان مظفر وانی بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف کشمیریوں کی جراتمندانہ مزاحمت کا استعارہ و علامت بن چکا ہے، تعلیم سے محبت کرنے والے نوجوان برہان کو قابض بھارتی فوج نے ناحق ستایا اور کتاب چھین کر اسے بندوق تھامنے پر مجبور کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ برہان وانی قرآن پڑھانے والی ماں کے لخت جگر اور ایک استاد کے بہادر فرزند تھے۔ برہان وانی نے بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف بے مثال جدوجہد اور عظیم قربانی سے حریت کشمیر کا ایک نیا باب لکھا ہے۔ جس قوم میں برہان وانی جیسے شیر بیٹے موجود ہوں، اسے 9 لاکھ فوج تو کیا ساری دنیا کی فوج مل کر بھی غلام نہیں بنا سکتی۔ وزیراعظم نے کہا کہ بہادر کشمیری نسل در نسل اپنی آزادی اور بھارت کے ناجائز غاصبانہ قبضے کے خلاف سات دہائیوں سے زائد عرصے سے سینہ سپر ہیں۔ عالمی برادری خاص طور پر اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل کرائے اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی خواہشات کے مطابق استصواب رائے کے ذریعے تنازعہ کشمیر حل کرائے۔ آزادی کی منزل حاصل ہونے تک پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں بہنوں کی منصفانہ جدوجہد کی ہر ممکن حمایت کرتا رہے گا۔ اللہ تعالی برہان وانی سمیت تمام شہداء کے درجات بلند، اہل خانہ کو صبر جمیل اور اجر عظیم عطا فرمائے۔ شہباز شریف نے معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کی برسی پر انہیں خراج عقیدت بھی پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی نے مخلوق کی خدمت کرکے اللہ رب العزت کی خوشنودی حاصل کی، اللہ تعالی انسانیت کے اس بے لوث خادم پر اپنی رحمتوں کا نزول فرمائے۔ مرحوم عبدالستار ایدھی اور مرحومہ بلقیس ایدھی کا خدمت خلق کا مشن جاری ہے جو ان کے لئے صدقہ جاریہ ہے۔ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور ان کے وابستگان کو صبر جمیل دے۔ شہباز شریف نے حج اکبر کے حجاج کو مبارکباد دی ہے اور اللہ تعالی سے امت مسلمہ اور پاکستان کیلئے رحمتوں اور برکتوں کی دعا کی ہے۔ ایک پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ آج کا دن اللہ سے بخشش اور رحمتیں طلب کرنے کا خصوصی دن ہے۔ انہوں نے حجاج سے اپیل کی کہ وہ مسلم امہ کی یکجہتی اور ساری دنیا سے وبائوں اور بیماریوں کے خاتمے کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں۔ وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو قرضوں اور معاشی مشکلات سے نجات دلائے تاکہ یہ خودانحصاری حاصل کرسکے۔ انہوں نے مقبوضہ فلسطین اور کشمیر کی آزادی اور مصائب سے دکھی انسانیت کی نجات کیلئے بھی دعا کی۔ وزیراعظم نے ایک ٹویٹ میں سابق جاپانی وزیراعظم شنزو ایبے کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ بیان میں انہوں نے کہا کہ  شینزو ایبے کی پاکستان کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنے کیلئے گراں قدر خدمات ہیں۔ مشکل کی اس گھڑی میں ہم جاپان کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان اور قطر کے امیر کو ٹیلی فون کیا۔ وزیراعظم نے یو اے ای کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور یو اے ای کے صدر کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی۔ یو اے ای کے صدر نے پاکستانی عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے یو اے ای کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ جسے شیخ محمد بن زید النہیان نے قبول کر لیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان 5 دہائیوں سے قریبی برادرانہ تعلقات ہیں۔ یو اے ای مشرق وسطیٰ میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور قطر کے امیر کو بھی عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے قطر کے عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ قطر کے امیر نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے قریبی روابط برقرار رکھنے اور مشترکہ امور پر ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ قطر اور پاکستان کے درمیان قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں۔ قطر دو لاکھ پاکستانیوں کا گھر ہے جو ریاست قطر کی ترقی میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن